کنڈہ دہرا قتل کیس - سی بی آئی کی چارج شیٹ داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-01

کنڈہ دہرا قتل کیس - سی بی آئی کی چارج شیٹ داخل

سی بی آئی نے آج کنڈا کے پردھان ننھے یادو اور اس کے بھائی سریش کے 3ماہ پرانے قتل میں آج چارج شیٹ داخل کردی۔ سی بی آئی نے 2مارچ کو کنڈا کے گاؤں بالی پور کے پردھان ننھے اور اس کے بھائی سریش کے قتل میں اورقتل کی سازش میں 5افراد کو ملزم بنایا ہے۔ خصوصی سی بی آئی جج زینت مرزا کی عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ کے مطابق اجے پال اور اس کے بھائی وجے پال کو ننھے یادو اور سریش کے قتل کا ملزم بنایا گیاہے۔ دیگر 2ملزمان گڈو سنگھ اور راجو کو مجرمانہ سازش کا ملزم بنایا گیا ہے یہ دونوں یوپی کے سابق وزیر رگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا کے ساتھی ہیں ایک اور ملزم راکیش نرائن پال پر قتل کا ہتھیار چھپانے کا الزام ہے۔ ذرائع نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ضیاء الحق کے قتل کے کیس میں کسی آئندہ تاریخ کو پیش کرنے کیلئے تیاری کے مرحلے میں موجود چارج شیٹ میں راجا بھیا کے نام کی شمولیت کو امکان سے بعید نہیں قراردیا ہے لیکن پردھان اور اس کے بھائی کے قتل کے کیس میں چارج شیٹ میں راجا بھیا کاتذکرہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ 2مارچ کو کنڈا میں پردھان اوراس کے بھائی اور ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ تینوں کو قتل کیا گیاتھا۔ ذرائع نے بتایا کہ چارج شیٹ میں ننھے یادو اور اس کے بھائی سریش کے قتل کیلئے اجے یادو ، اس کے بھائی وجے پال، گڈو سنگھ، راجیو سنگھ اور مزید ایک شخص کا نام ہے۔ سی بی آئی یوگیندر یادو عرف ببلو کے خلاف ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ضیاء الحق کے قتل کے سلسلے میں تازہ ایف آئی آر درج کرنے والی ہے۔ اس سے قبل ببلو نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ نابالغ ہے لیکن اب تحقیقات سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ وہ بالغ ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ضیاء الحق کے کیس میں ببلو اصل ملزم ہے۔

Kunda murder case: CBI files chargesheet in murder case of Nanhe Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں