ایران میں آج صدارتی انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

ایران میں آج صدارتی انتخابات

ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی جس میں 3اہم امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ان میں حسن روحانی، سعید جلیلی اور تہران کے مئیر محمد باقر شامل ہیں۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ ان میں سے کس کو عوام کی حمایت حاصل ہوگی۔ انتخابات سے قبل امیدواری کی دوڑ سے کئی ایسے لیڈروں کو باہر کردیا گیا تھا جو اصلاح پسند سمجھے جاتے تھے۔ ان میں سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی شامل ہیں۔ ایران میں حکام نے جمعہ کو صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ سے قبل صحافیوں اور سیاسی کارکنان کی پکڑ دھکڑ جاری رکھی ہوئی ہے تاکہ بعد ازانتخابات 2009ء جیسی صورتحال سے بچا جاسکے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں بلاجواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دوسری خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مارچ کے بعد حکومت مخالف 3اخبارات کو بند کیا جاچکا ہے اور 5صحافیوں کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔ ادھر گوگل کا کہنا ہے کہ اس نے جی میل استعمال کرنے والے ہزاروں ایرانی صارفین کی ای میل پر حملے کاپتہ لگایا ہے جبکہ ہزاروں فیشنگ حملوں کو روکا بھی ہے۔ دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ اس حقیقت قطعہ نظر کہ کل جمعہ کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن میں کامیابی کس امیدوار کو ملتی ہے، تہران کی ایٹمی پالیسی میں آئندہ کوئی بھی تبدیلی ناممکن ہے۔ ایران پر نظر رکھنے والے ماہرین جانتے ہیں کہ ایرانی صدر کے پاس اہم فیصلے کرنے کی طاقت بہت کم ہوتی ہے۔ ایران صدر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک چہرے کے طورپر تو دکھائی دیتا ہے مگر مغرب کے ساتھ تعلقات اور ایٹمی پروگرام ایسے اہم معاملات پر وہ خود فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں ہوتا۔ ایران میں اس نوعیت کے فیصلے سپریم کونسل اور بالخصوص ایران کے روحانی لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای کرتے ہیں۔ یہ اطلاع جرمن نیوز ایجنسی اڈویجے ویلے نے دی ہے۔

ایران کے صدارتی امیدوار حسن روحانی نے کہا ہے کہ انہوں نے حالیہ عرصے میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تیزی سے بڑھنے والی افسوسناک مخاصمت کو ایک دوسرے احترام اور باہمی ہم آہنگی میں تبدیل کرنے کا عزم کیا ہے تاکہ دونوں ملک باہمی تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھ کر خطے کی استحکام اور سکیورٹی کیلئے کام کرسکیں۔ موقر عرب روزنامے "الشرق الاوسط" کے ساتھ ایک ای میل انٹرویو میں انہوں نے زور دیا"ایران اور سعودی عرب کے لئے خلیج میں سکیورٹی جیسے اہم ترین مسائل میں مثبت کردار ادا کرنا ممکن ہے"۔ حسن روحانی نے عہد کیا کہ اپنے ایران کے صدر بننے کی صورت میں وہ ہمسایہ ممالک سے ہر سطح پر تعلقات بہتر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی زمینی اور سمندری سرحدیں 15ممالک سے ملتی ہیں اور یہ سب کے سب ہمارے لئے اہم ہیں۔ صدارتی امیدوار نے مزید کہا کہ "انتخابات میں کامیابی کی صورت میں میرا کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کا ارادہ نہیں اور نہ ہی میں کسی بھی ملک کو ایران میں مداخلت کی اجازت دوں گا۔ بحرین سے متعلق سوال پر حسن روحانی کا کہنا تھا "ہم بحرین میں سیاسی استحکام، اتحاد اور سکیورٹی پر یقین رکھتے ہیں، یہ سب خطے کی سکیورٹی اور استحکام کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔"

Iran Presidential Elections 2013 today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں