ہندوستان کی نیوکلیر ایکسپورٹ گروپ میں شمولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-16

ہندوستان کی نیوکلیر ایکسپورٹ گروپ میں شمولیت

برطانیہ نے ہندوستان کو اس بااثر عالمی ادارہ میں شامل کرنے کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں جو نیوکلیائی ایکسپورٹ کو کنٹرول کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی کوشش ہے جو بحیثیت ایٹمی طاقت ہندوستان کا مقام بلند کردے گا۔ اس کوشش کو بہرحال چین اور دوسرے ملکوں کی طرف سے مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔ اس معاملہ میں سفارتی تنازعہ کا تعلق اس بات سے ہے کہ آیا غیر فوجی نیوکلیائی تجارت کے ضابطوں کو فیصلہ کن طورپر مرتب کرنے والے اس اہم ادارے میں دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہندوستان کو شامل کیا جانا چاہئے جوکہ اس میں بین الاقوامی معاہدہ میں شامل ہونے سے انکار کرچکا ہے، جس کے تحت اسے اپنے نیوکلیائی ہتھیاروں سے دست بردار ہونا پڑے گا۔ برطانیہ، امریکہ، فرانس اور دوسروں ملکوں کا استدلال ہے کہ نیوکلیائی ہتھیاروں کی طاقت رکھنے والے ہندوستان کو 1975ء میں قائم ہونے والے نیوکلیائی سپلائرس گروپ (این ایس جی) میں شامل ہونا چاہئے تاکہ غیر فوجی نیوکلیائی برآمدات کے فوجی مقاصد کیلئے عدم استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ برطانیہ نے ہندوستان کے معاملے کو اس دستاویز میں اٹھایا ہے جسے آئندہ ہفتہ این ایس جی کی سالانہ میٹنگ کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ برطانیہ نے اس میں یہ استدلال کیا ہے کہ ہندوستان اپنی غیر فوجی صنعت کے دائرے اور فوجی سازو سامان کی دوسروں تک رسائی روکنے کے عہد کی وجہہ سے اس ادارے میں شامل ہونے کا مجاز ہے۔ مغربی طاقتیں ہندوستان کی ابھرتی ہوئی نیوکلیائی صلاحیت بھی گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ اس میں خاص طورپر آئندہ 20 برسوں میں تقریباً 30 نئے ری ایکٹرس کے ساتھ ہندوستانی نیوکلیائی صلاحیت کا دائرہ بڑھانا شامل ہے۔ اس لحاظ سے ٹکنالوجی برآمد کرنے والے ملک کی حیثیت سے ہندوستان کو پرکشش امکانات کا حامل ملک سمجھا جارہا ہے۔ دوسری طرف بعض این ایس جی ممالک ایسے بھی ہیں جنہیں ہندوستان جیسے ملک کو قبول کرنے سے اس لئے عار ہے کہ ہندوستان نیوکلیائی ہتھیار بنانے والا ایک ایسا ملک ہے جو اس عالمی معاہدے کا پابند نہیں جو زائد از 40سال پہلے کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کا مقصد ممبر ملکوں کو نیوکلیائی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ اگر ہندوستان این ایس جی میں شامل ہوتا ہے تو یہ اس گروپ کا واحد ایسا ممبر ہوگا جس نے 1970ء کے نیوکلیائی عدم توسیع معاہدے پر دستخط نہیں کئے۔

Britain lobbies for nuclear export group NSG to admit India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں