ٹیم انڈیا فیلڈنگ میں بھی پہلے مقام پر- ایم ایس دھونی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-17

ٹیم انڈیا فیلڈنگ میں بھی پہلے مقام پر- ایم ایس دھونی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کہا کہ ٹیم انڈیا اس وقت فیلڈنگ کے شعبہ میں عروج پر ہے۔ انہوں نے زور دیاکہ ٹیم کو یہ سلسلہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، یہ بات بہت اچھی ہے کہ ہماری ٹیم تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کررہی ہے، کھلاڑی شخصی طور پر ذمہ داری لے رہے ہیں، فیلڈنگ میں ہم اس وقت ٹاپ پر ہیں اور اس کو آئندہ بھی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، میں تو دستانے پہنے رہتا ہوں لیکن دیگر کھلاڑی سرد ہواؤں کے باوجود دستانوں کے بغیر عمدہ مظاہرہ کررہے ہیں۔ ٹیم کے نوجوان تیز گیند باز بھونیشور کمار کی تعریف کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ وہ زیادہ تیز گیند بازی نہیں کرتے مگر صحیح مقام پرگیند پھینکتے ہیں، یہاں کی صورتحال کے لحاظ سے انہوں نے گیند کا اچھا استعمال کیا ہے کیونکہ وہ دونوں طرف گیند کو سوئنگ کراسکتے ہیں، بھونیشور مخالف ٹیم پر دباؤ بناتے ہیں، ابھی انہوں نے چند میاچس ہی کھیلے ہیں لہذا ان کی کارکردگی میں مزید نکھار کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں ابھی تک ہندوستان کے مڈل آرڈر کی آزمائش نہیں ہوئی ہے لیکن دھونی اس پر بالکل فکر مند نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وارم اپ میاچس میں ہمارے مڈل آرڈر بیاٹسمنوں نے اچھا مظاہرہ کیا ہے، میرے علاوہ سریش رائنا اور رویندر جڈیجہ نے بیاٹنگ کی، ہاں اتنا ضرور ہے کہ رائنا کو نیٹ پر کچھ پریکٹس کی ضرورت ہے۔ دھونی کو پاکستان کے خلاف میاچ کے دوران پیر میں چوٹ لگ گئی تھی لیکن انہوں نے کہا کہ وہ سیمی فائنل تک پوری طرح ٹھیک ہوجائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل 19 جون کو اور دوسرا 20 جون کو کھیلا جائے گا۔

India is now the top fielding side in world cricket: Dhoni

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں