عمران خان نے پاکستانی کرکٹ کو تباہ کیا- عامر سہیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-17

عمران خان نے پاکستانی کرکٹ کو تباہ کیا- عامر سہیل

ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے مایہ ناز کرکٹر عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ورلڈ کپ فاتح کپتان ملک میں کھیل کی موجودہ صورتحال کے لئے ذمہ دار ہیں۔ 46 سالہ سابق اوپنر نے ایک نیوز چینل سے کہا کہ عمران خان نے ہمارے بولرس کی بال ٹیمپرنگ کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچایا، اسی بناء پر ہم نئی گیند کے عمدہ بولرس اور نہ ہی اوپنرس تیار کرپارہے ہیں۔ 47 ٹسٹ اور 156 ونڈے کھیلنے والے سہیل سابق چیف سلکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور 1992ء میں عمران خان کی زیر قیادت ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن بھی رہے۔ عامر سہیل نے اس موقع پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے اس خیال سے بھی اتفاق کیا کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ایک ڈریسنگ روم کلچر کی ضرورت ہے۔

وسیم اکرم، ٹیم کی شکست پرمایوس، پاکستان، ہندوستان سے سبق لے: رمیز راجہ
برمنگھم
(ایجنسیز)
سابق سرکردہ آل راؤنڈر وسیم اکرم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بدترین شکست پر شدیدمایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کسی سے بھی ہارجاتی مگر ہندوستان سے شکست نے ان کادل توڑ دیاہے۔ برمنگھم میں ایک انٹرویو میں اکرم نے کہاکہ ٹیم میں بڑے پیمانہ پرتبدیلیاں لانی ہوں گی۔ ایک سابق مایہ ناز کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کو ہندوستان ہی سے سبق لینا ہوگا کہ ٹیم بنائی کیسے جاتی ہے۔ برمنگھم میں انٹرویو میں رمیز نے واضح کیا کہ مصباح الحق کو قیادت سے ہٹادیا گیا تو ساری ٹیم کیلئے نصف سنچری بنانا بھی ناممکن ہوجائے گا۔

کنفیڈریشنس کپ: برازیل کی فاتحانہ شروعات
براسیلیا
(ایجنسیز)
برازیل میں رواں کنفیڈریشنس فٹبال کپ کے پہلے میاچ میں میزبان ٹیم نے جاپان کو3-0 گول سے شکست دے دی۔ برازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان اسٹرائیکر نیمار نے پہلا گول داغا۔ اس کے بعد پولنہو نے برتری 2-0 کر دی جب انھوں نے دانی الوس کے کراس پر گول کیا۔ میاچ کے آخری لمحات میں فریڈ کی جگہ آنے والے جو نے آسکر کے پاس پر برازیل کی جانب سے تیسرا گول کیا۔ برازیل میں اگلے سال فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے جو رقم خرچ کی جارہی ہے اس کے خلاف پہلے میاچ کے دوران مظاہرے بھی ہوئے۔ مظاہرین نے کہا کہ انھیں فٹبال کے عالمی کپ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انھیں اسپتالوں اور تعلیم کیلئے پیسے چاہئیے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیاس اور سیاہ مرچ پاؤڈر کا استعمال کیا۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین پر قابو پانے کے لئے ربڑ کی گولیاں بھی چلائی گئیں جبکہ15افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کنفیڈریشنس کپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بارگول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ برازیل میں آئندہ برس فیفا ورلڈ کپ کا 12جون تا13جولائی انعقاد عمل میں آئے گا۔ برازیل فٹبال کے عالمی مقابلوں کی دوسری بار میربانی کرے گا۔ اس سے پہلے وہ 1950 میں ان مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔ اسی طرح 2016کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہوں گے۔ اسی طرح2016کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہوں گے۔ کنفیڈریشس کپ میں8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور اسے آئندہ سال منعقد ہونے والے عالمی کپ فٹبال ٹورنمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم سمجھا جارہا ہے۔ عالمی کپ کی سست رفتار تیاریوں کے بارے میں بھی تشویش کااظہار کیا جارہا ہے حالاکہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ برس منعقد ہونے والے عالمی کپ فٹبال ٹورنمنٹ کی تمام تیاریاں وقت پر مکمل ہوجائیں گی۔

ہند۔پاک میاچ کا سرکردہ ہستیوں مشاہدہ کیا
ایجبسٹن(برمنگھم)
(ایجنسیز)
دنیا بھر سے ہزارہا ہندوستانی اور پاکستانی شائقین کرکٹ آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں روایتی حریفوں کا میاچ دیکھنے کیلئے منگھم آئے تھے۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کو بھی کرکٹ کی کشش یہاں کھینچ لائی۔اکشے میاچ کے آغاز ہی سے ایجبسٹن میں موجود تھے۔ عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان ،آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن، پی سی بی کے معطل چیرمین ذکا اشرف اور سابق چیرمین اعجاز بٹ نے بھی میاچ دیکھا۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں میں ہند۔ پاک تماشائی قیام پذیر تھے۔ ہوٹلس انتظامیہ نے میاچ کی اہمیت کے پیش نظر کمروں کے کرائے بڑھا دیئے تھے۔ امریکہ، کناڈا، یوروپ ، پاکستان اور ہندوستان سے دونوں ملکوں کے تماشائی بڑی تعداد میں رات بھرشور شرابا کرتے رہے۔ بعض نے شب بیداری کی اور صبح سویرے گراونڈ پہنچ گئے۔ چونکہ ساری رات بارش ہوتی رہی، اس لئے بعض تماشائی یہ جاننا چاہتے تھے کہ بارش کا سلسلہ کب تھمتا ہے۔ صبح4 بجے بار ش رک گئی لیکن جگہ جگہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تاہم سرد برفانی ہوا چلتی رہی۔ صبح8 بجے ہی سے تماشائیوں کے گراونڈ آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دونوں ملکوں کے تماشائی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کی حمایت کررہے تھے۔ "چاچا کرکٹ" صوفی عبدالجلیل کھلاڑیوں کے بعد سب سے زیادہ مقبول تھے اور پرستاروں کو آٹو گراف دے رہے تھے، تصاویر بنوارہے تھے۔

کمار سنگاکارا، آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ کیلئے بے تاب
لندن
(ایجنسیز)
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیاٹسمن کمار سنگا کارا نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور آسٹریلیا کو شکست دے کر چمپئنس ٹروفی کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کی کوشش کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف میاچ میں کامیابی پر بہت خوشی ہے تاہم کینگروز کے میاچ کے لئے بے تاب ہوں، میرے خیال میں کامیابی کے لئے ٹیم کو انگلینڈ کے میاچ سے زیادہ سخت محنت کی ضرورت ہے۔ سنگا کارا نے کہا کہ دوسرے گروپ میاچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، آخری گروپ میاچ میں بھی وہ شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹیم اس طرح متحد ہوکر میدان میں اتری تو اس کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم گروپ مرحلہ کے اپنے آخری میاچ میں کینگروزکو شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔

ٹام موڈی کو کوچ بنانے شعیب اختر کا مطالبہ
اسلام آباد
(ایجنسیز)
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹام موڈی کوکوچ بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی گراؤنڈ میں کارکردگی نہیں دکھا رہے کیونکہ وہ ذہنی طور پر کافی منتشر ہیں، وہ خوف کا شکار ہیں اور اس وقت انہیں کھیل سکھانے والا نہیں بلکہ اس خوف سے نکالنے والا کوچ چاہیے۔ موڈی کھلاڑیوں کو خوف سے نکال کر جیت کی راہ پرگامزن کر سکتے ہیں۔

پاکستانی ٹینس ٹیم کا دورہ ہند
لاہور
(ایجنسیز)
پاکستان کی ٹینس ٹیم تربیتی کیمپ میں حصہ لینے کیلئے ہندوستان کادورہ کرے گی۔ سابق نیشنل چمپئن اور ٹینس کوچ رشید ملک اور2 کھلاڑی حسین جاوید اور محسن قاضی 21جون کو واہگھا بارڈر کے راستے ہندوستان روانہ ہوں گے۔ ٹینس کھلاڑی دہلی لان ٹینس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے جبکہ کوچ رشید ملک ایک ٹینس اکیڈیمی کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کوچنگ بھی دیں گے۔ دہلی میں منعقد شدنی اس کیمپ میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے کھلاڑی شریک ہوتے ہیں جبکہ سابق میں بھی کئی بار پاکستانی کھلاڑیوں نے اس کیمپ میں شرکت کی ہے۔ دہلی میں کیمپ کا دورانیہ2 ماہ ہوگا لیکن پاکستانی کھلاڑی ماہ رمضان المبارک کی وجہ سے2 ہفتے کی ٹریننگ کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

اینڈی مرے کوئنس کلب کے فائنل میں داخل، میرن کلچ سے مقابلہ
لندن
(آئی اے این ایس)
عالمی نمبر 2کھلاڑی اینڈی مرے نے ایک سٹ ہارنے کے بعد جدوجہد کرتے ہوئے واپسی کی اور فرانس کے الفریڈ سونگا کو شکست دے کر یہاں رواں کوئنس کلب گراس کورٹ ٹینس چمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ یہاں2 مرتبہ فاتح رہ چکے مرے کوشدید بارش کے باعث کورٹ پر اترنے کیلئے کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔ انہوں نے کل شب کھیلے گئے اس میاچ میں فرنچ اوپن سیمی فائنلسٹ و چوتھے سیڈیڈ سونگا پر 4-6,6-3,6-2 سے جیت درج کی۔ یو ایس اوپن چمپئن ٹائٹل مقابلہ میں دفاعی چمپئن میرن کلچ سے کھیلیں گے جنہوں نے 4مرتبہ کے فاتح لیٹن ہیوٹ کو 6-4,4-6,6-2 سے ہرایا۔

یوئیفا انڈر 21 فٹبال ٹورنمنٹ کے فائنل میں اسپین اور ٹلی میں مقابلہ
یروشلم
(آئی اے این ایس)
اسپین اور اٹلی نے اپنے میاچس جیت لئے اور یہاں رواں یوئیفاانڈر21 فٹبال ٹورنمنٹ کے فائنل میں مقابلہ طئے کیا۔ کل شب کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن اسپین نے متاثر کن مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کو 3-0 سے ہرایا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اٹلی نے نیدر لینڈکے خلاف 1-0گول سے جیت درج کی۔ فائنل یہاں منگل کو ٹیڈی اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا۔

بھوپتی ۔ بوپناجوڑی کو ایگون چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں شکست
لندن
(آئی اے این ایس)
مہیش بھوپتی اور روہن بوپنا پر مشتمل ہندوستانی جوڑی کو یہاں رواں ایگون ٹینس چمپئن شپ کے مینس ڈبلس سیمی فائنل میں شکست ہوگئی۔ انہیں باب اور مائیک برائن پر مشتمل ٹاپ امریکی جوڑی نے راست سٹوں میں ہرایا۔ برائن برادرس نے یہ مقابلہ 41منٹ میں 6-4,6-2 سے جیتا اورچوتھی سیڈیڈ ایسٹرو۔برازیلی جوڑی الکزینڈرپیا اور برونوسورز کے خلاف فائنل میں کھیلیں گے۔ تیسرے درجہ والی ہندوستانی جوڑی کا مظاہرہ بے اثر رہا جیسا کہ بھوپتی اور بوپنا نے میاچ میں 3مرتبہ ڈبل فالٹ کیا۔ ٹاپ سیڈیڈ جوڑی کو دونوں سٹوں میں ایک ایک مرتبہ بریک پوائنٹ ملااور انہوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا جبکہ ہندوستانی جوڑی کو کوئی بریک پوائنٹ نہیں ملا۔

ورلڈ اسکوائش چمپئن شپ میں ہندوستان کو 7واں مقام
ملہاؤز(فرانس)
(آئی اے این ایس)
سوروگھوشل نے درد کے باوجود مقابلہ کیا اور ہندوستان کو یہاں منعقدہ ڈبلیو ایس ایف مینس ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ میں ساتویں مقام کے ساتھ اعلیٰ رینک کی ایشیائی ٹیم بنادیا جبکہ انگلینڈ نے فائنل میں مصر کے خلاف 2-1 سے چونکا دینے والی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ہندوستان نے ملیشیاء کو 2-0سے شکست دی جبکہ مہیش منگاؤنکر اور سورو گھوشل نے مقابلوں کے آخری دن اپنے میاچس جیت لئے۔ قطعی رینکنگ میں ملیشیاء کو 8واں اور پاکستان کو اسکاٹ لینڈ سے شکست کے بعد 10 واں مقام ملا۔

ہاکی: ہندوستان کی مرد و خاتون ٹیموں کا ناقص مظاہرہ
روٹرڈم
(یو این آئی)
ہندوستان کی مردوخواتین کی ہاکی ٹیموں کی ناقص کارکردگی کے سبب بالترتیب میزبان ہالینڈ اورجرمنی کے ہاتھوں ایف آئی ایچ ورلڈ لیڈ راونڈ3 ہاکی ٹورنمنٹ میں شکست کھانی پڑی۔ مردو ں کے زمرہ میں ہندوستان کی ٹورنمنٹ کے پول بی میں2 میاچس میں یہ پہلی شکست ہے۔ مردوں کے زمرہ میں ہالینڈ نے ہندوستان کو2-0 سے اور خواتین کے زمرo میں جرمنی نے7-1 سے شکست دی۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میاچ میں آئرلینڈ سے4-4 کا ڈرا کھیلا تھا۔ ہندوستان کے کھاتے میں ایک پوائنٹ ہے جبکہ ہالینڈ کے2 میاچس میں4 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ ہالینڈ اس گروپ میں نیوزی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کے بھی اتنے ہی پوائنٹ ہیں لیکن وہ پہلے مقام پر ہے۔ آئرلینڈ تیسرے نمبر پر جبکہ ہندوستان اس شکست کے بعد چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کی خاتون ٹیم گروپ بی کے اپنے میاچ میں نیوزی لینڈ سے7-0 سے ہاری تھی جبکہ دوسرے میاچ میں اس نے بلجیم کے ساتھ1-1سے ڈرا کھیلا تھا لیکن تیسرے میاچ میں جرمنی نے اسے شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ ہندوستانی خاتون ٹیم کا 3 میاچس سے صرف ایک پوائنٹ ہے۔ عالمی درجہ بندی میں بارہویں مقام کی حامی خاتون ٹیم جرمنی کے سامنے کہیں بھی مقابلے میں نظر نہیں آئیں۔ ہندوستانی کپتانی ریتو رانی اور ہاکی انڈیا نے ٹیم سے روانگی سے ٹیم کی تیاری اور جیت کے بڑے بڑے دعوے کئے تھے جو کھوکھلے ثابت ہوئے۔ مقابلے میں ابھی بھی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے امکانات برقرار ہیں۔ اسے اس ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے18 جون کو ہونے والے کوارٹر فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ کی3 سرفہرست ٹیمیں سال2014میں منعقد ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے لئے راست داخلہ حاصل کرسکتی ہیں۔ جرمنی نے اپنے میاچ میں پہلے ہاف میں3-0 سے برتری حاصل کرلی تھی۔ اس نے اب تک کھیلے گئے تینوں میاچوں میں جیت حاصل کرکے سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے اور منگل کو ہونے والے کوارٹر فائنل میں چلی کے ساتھ اس کا میاچ ہوگا۔

مصباح الحق کی بیاٹسمنوں پر شدید تنقید
برمنگھم
(یو این آئی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے چمپئنس ٹروفی کے مقابلے میں روایتی حریف ہندوستان کے ہاتھوں بارش سے متاثرہ میاچ میں8 وکٹ سے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھی بیاٹسمنوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میاچ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے اپنی ٹیم کی شکست کے لئے بیاٹسمنوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ انہیں حیرت ہے اور وہ یہ نہیں سمجھ پارہے ہیں کہ اچانک بیاٹسمنوں کو کیا ہوگیا ہے، حالانکہ آئرلینڈ کے دورہ پر تمام ساتھی بیاٹسمنوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اب انہیں نہیں معلوم کہ اچانک ان بیاٹسمنوں کو کیا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ چمپئنس ٹروفی کے اپنے پہلے دونوں میاچس میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوگئی تھی تاہم پاکستان کو امید تھی کہ اپنے تیسرے اور آخری میاچ میں وہ روایتی حریف ہندوستان سے میاچ جیت کر اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرلے گی تاہم اس میاچ میں بھی اس کو ہندوستان کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میاچ کے بعد تقسیم انعامات تقریب کے دوران جس وقت مصباح الحق میڈیا کے سامنے آئے تو اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شائقین نے ان کے خلاف زبردست فقرہ بازی کی۔ مصباح الحق نے کہا کہ ساتھی بیاٹسمنوں نے پورے ٹورنمنٹ کے درمیان نہایت ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، علاوہ ازیں ہندوستان کے خلاف بارش کی وجہ سے بھی پاکستانی بیاٹنگ متاثر ہوئی۔ مصباح الحق نے کہاکہ ایونٹ میں ابتدا ہی سے پاکستانی بیاٹنگ دباؤ میں رہی اور آخر تک اس دباؤ سے نہیں نکل پائی۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے گیندبازوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ بارش سے متاثر اس اہم ترین میاچ میں پاکستان کو8 وکٹ سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شطرنج: آنند فتح کی راہ پر واپس
ماسکو
(یو این آئی)
ہندوستان کے عالمی چمپئن وشواناتھن آنند نے تال میموریل شطرنج ٹورنمنٹ میں پہلے2راؤنڈس کی مایوس کن کارکردگی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے دور میں روس کے الیکزینڈر مورووچ کو ہرادیا جبکہ نمبر ایک کھلاڑی میگنس کارلسن کو شکست کاسامنا کرنا پڑا ہے۔ ہندوستانی سوپرگرانڈ ماسٹر نے تیسرے دور میں سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ایونٹ میں شاندار واپسی کی اور جیت درج کی۔ کل شب کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں اٹلی کے فیبیو کروآنا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میگنس کارلسن کو ہرادیا۔ امریکہ کے ہیکاری ناکامورا نے روس کے سرگئی کارجیکن کو شکست دے کر ٹورنمنٹ میں اپنی دوسری جیت درج کی۔ اسرائیل کے بورس گیلس اور روس کے دیمتری آندری کن کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے شھریار محمد یاروف اور روس کے ولادیمیر کرامنک کے درمیان بازیاں ڈرا رہیں۔

سری لنکا۔آسٹریلیا آج اہم مقابلہ
لندن
(یوا ین آئی)
دفاعی چمپئن آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کل پیر کو آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کا آخری لیگ میاچ دونوں ٹیموں کے لئے آر پار مقابلہ ہوگا جہاں ہر ٹیم کو سیمی فائنل میں اپنا مقام یقینی کرنے کیلئے جیت حاصل کرنی ضروری ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا کے2 پوائنٹس ہیں جبکہ آسٹریلیا کا ایک پوائنٹ ہے۔ دونوں کے رن ریٹ منفی میں ہے۔ سری لنکا راست جیت حاصل کرتا ہے تو 4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن آسٹریلیا کی جیت کی صورت میں سیمی فائنل کے لئے ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا کافی کچھ انحصار انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میاچ کے نتیجہ پر بھی رہے گا۔ اگر انگلینڈ جیت حاصل کرلیتی ہے تو4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ایسے میں نیوزی لینڈ کو آخری لیگ میاچ کے نتیجہ کا انتظار کرنا پڑے گا جب کہ نیوزی لینڈ کی جیت کی شکل میں انگلینڈ باہر ہوجائے گی۔ اس میاچ کے بارش کے سبب رد ہونے کی صورت میں صورت حال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔ آسٹریلیا کو اپنے پہلے میاچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں48رن کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اس کا میاچ بارش کی نذر ہو تھا۔ اسی طرح سے سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہار گئی تھی جبکہ اس نے انگلینڈ کو7 وکٹ سے ہراکر مقابلے میں شاندار واپسی کی۔ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا نے 270رن کے نشانہ کے تعاقب میں9 وکٹ پر221رن ہی بناپائے تھے۔ اس میں سے جارج بیلی اور جیمس فاکنر ہی50 کے ہندسہ کو عبور کرپائے تھے لیکن باقی بیاٹسمنوں نے مایوس کیا۔ آسٹریلیا کو سری لنکاکے خلاف بھی جارحانہ سلامی اوپنر ڈیوڈ وانر کی خدمات حاصل نہیں رہیں گی جنہیں انگلینڈ کے بیاٹسمن جوئے روٹ کے ساتھ ہاتھا پائی کے معاملہ میں معطل کیا جاچکا ہے۔ وارنر کی جگہ میتھیو ویڈ شین واٹسن کے ساتھ اننگز کی شروعات کے لئے میدان میں اتریں گے۔ مستقل کپتان مائکل کلارک کی اس میاچ میں بھی شرکت مشکوک ہے جو چوٹ کے سبب پچھلے2مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لے پائے تھے۔ جہاں تک گیند بازی کا سوال ہے، مچل جانسن ، کلائنٹ میک کے، واٹسن، فاکنر اور ڈوہرٹی پر مکمل انحصار رہے گا۔ دوسری جانب سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی بیاٹنگ نہیں کی تھی لیکن انگلینڈ کے خلاف اس نے ذمہ داری کو بخوبی انجام دیا تھا۔ بالخصوص سابق کپتان کمار سنگاکارا نے شاندار 134 رن بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ا ن کے علاوہ تلک رتنے دلشان اور مہیلا جیا وردھنے، دنیش چندی مل، لاہیرو تری مانے اور انجیلو میتھیوز پر بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری رہے گی۔

ہندوستانی ریسلرس کا عمدہ مظاہرہ
چندی گڑھ
(یو این آئی)
تھائی لینڈ کے پھوکیت شہر میں جاری ایشیائی جونیر ریسلنگ چمپئن شپ میں ہندوستانی پہلوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے فری اسٹائل زمرے میں ٹیم چمپئن کا خطاب حاصل کرلیا ہے۔ اس زمرے میں ہندوستانی پہلوانوں نے 3 طلائی، 2 نقرئی اور کانسے کے 2 تمغے حاصل کئے۔ ہندوستانی ریسلرس نے ٹیم ایونٹ میں68 پوائنٹس حاصل کرکے 3 ٹروفیاں جیتیں۔ ایران نے 63 پوائنٹس کے ساتھ رنرس اپ کی پوزیشن حاصل کی جبکہ قازخستان کو 55 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ مردوں کے فری اسٹائل مقابلوں میں ہندوستان نے طلائی تمغہ 50 کلوگرام زمرے میں منگل قادیان، 60کلوگرام زمرے میں پردیپ کمار اور 96 کلوگرام زمرے میں سمت کے ذریعہ حاصل کئے جبکہ مندیپ کمار نے74 کلوگرام زمرے اور وکاس نے66 کلوگرام زمرے سے نقرئی تمغے حاصل کئے۔ مقابلوں کے مکمل ہونے کے ایک دن پہلے ہندوستانی خاتون ریسلرس نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فری اسٹائل زمرہ میں رنرس اپ کا خطاب حاصل کیا۔ ہندوستانی پہلوان 3 طلائی تمغے، 5 نقرئی اور 9کانسے کے تمغوں کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔ فری اسٹائل کے55 کلوگرام زمرے میں جاپان نے طلائی، جنوبی کوریا نے نقرئی، کرغزستان اور ہندوستان نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ 60کلوگرام زمرے میں ہندوستان کے پردیپ کمار نے طلائی، شمالی کوریا نے نقرئی اور ایران نے کانسے کا تمغہ جیتا۔

Imran Khan damaged Pakistan cricket: Aamir Sohail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں