حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-17

حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی

سعودی عرب نے رواں سال سے ہندوستان کے بشمول دیگر ممالک کے عازمین حج کی تعداد میں بھاری یعنی 20فیصد کمی کردی ہے۔ حکومت کے ذرائع نے بتایاکہ مسجد الحرام کی توسیع کے سلسلہ میں بڑے پیمانے ہر جاری تعمیراتی سرگرمیاں اس فیصلہ کا موجب بنی ہیں۔ سعودی وزیر حج بندر بن محمد حجر کے حوالہ سے سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے نے بتایاکہ اندرون ملک عازمین کی تعداد میں 50 فیصد اور بیرونی عازمین کی تعداد میں 20فیصد کمی ایک استثنائی اقدام ہے اور مقدس مقامات پر تسیعی پراجکٹس کی تکمیل تک یہ کارروائی عارضی ہوگی۔ سعودی ٹیلی ویژن کے اول چیانل کے ساتھ ملاقات کے دوران حجاج نے بتایاکہ عازمین سابقہ سمجھوتوں کے تابع ہیں جس کے ذریعہ ملک کی مجموعی آبادی کے ایک ملین نفوس کیلئے ایک ہزار عازمین کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ طئے کردہ سمجھوتہ کے مطابق حج 2012ء کے دوران ہندوستانیوں کے کوٹہ میں 1,70,000 عازمین کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ کوٹہ میں بھاری کمی پر عمل آوری کی صورت میں رواں سال عازمین کی تعداد میں کمی ہوسکتی ہے۔ مصر جیسے متعدد ممالک نے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کو آنے والے عازمین کی تعداد میں فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست کے ساتھ اپنے نمائندوں کو سعودی عرب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حجر نے بتایاکہ مسجدالحرام کے توسیعی پراجکٹس کے ذریعہ موجودہ علاقہ میں مزید4لاکھ مربع میٹرس کا اضافہ ہوجائے گا جس سے 2.2ملین مصلیان نماز ادا کرسکیں گے۔ جمرات پل پر 6 سے 12فلور تعمیر کئے جائیں گے تاکہ یومیہ 5ملین عازمین کو جگہ فراہم کی جاسکے۔ مدینہ میں مسجد نبویؐ میں 1.6ملین زائرین کو جگہ فراہم ہوگی۔ حجر نے بتایاکہ توسیعی پراجکٹس میں منی اور مکہ کے ساتھ مسجد الحرام کو مربوط کرنے پہاڑیوں میں سرنگیں تیار کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ پیدل راہروں کی سرنگوں کے علاوہ 30 کیلو میٹر طویل اور 15میٹر عریض کے حامل 54 سرنگیں اس وقت موجود ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پراجکٹس میں ٹرین، میٹرو اور تمام ذرائع حمل و نقل پر مشتمل سرکاری ٹرانسپورٹ شامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ان پراجکٹس کیلئے 62 ارب سعودی ریال مختص کئے گئے ہیں۔

Saudi slashes number of Hajj pilgrims by 20 percent

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں