Ignoring Waqf Tribunal stay, rituals begin at Idgah site
مدھیہ پردیش ریاستی وقف ٹریبونل کے حکم التواء کو نظر انداز کرتے ہوئے بعض ہندو تنظیموں نے آج پڑوسی ضلع رائزن میں وقف عیدگاہ اراضی پر مذہبی رسومات انجام دیں۔ منڈی دیب میں واقع اس قدیم وقف عیدگاہ اراضی پر کل سے یگیہ جاری ہے۔ عیدگاہ انتظامیہ نے جو ریاستی وقف بورڈ کے تحت ہے حال ہی میں مقام انتظامیہ کے فیصلہ کے خلاف ٹریبونل سے رجوع ہوکر حکم التواء حاصل کرلیاتھا۔ مقامی انتظامیہ نے ہندو تنظیموں کو 29مئی تا6جون اس وقت اراضی پر یگیہ کرنے کی اجازت دی تھی۔ ٹریبونل نے فریقین کی سماعت کے بعد منگل کو انتظامیہ کی اس اجازت پر حکم التواء عائد کردیا تھا اور حکام کو ہدایت دی تھی کہ اس مقام پر خاطر خواہ سکیورٹی عملہ تعینات کرے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ مدھیہ پردیش اقلیتی کمیشن کے سابق صدرنشین ابراہیم قریشی نے بتایاکہ انتظامیہ اس مقام پر یگیہ روکنے میں ناکام رہا اور کل سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ جب مقام سب ڈویژنل مجسٹریٹ ویرانداون سنگھ سے ربط قائم کیا گیا تو انہوں نے بھی اس کی توثیق کی۔ رائزن کلکٹر جے کے جین نے کہاکہ وہ اس معاملہ کی یکسوئی کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس رکن اسمبلی (بھوپال نارتھ) سید عارف عقیل نے ریاستی حکومت کو یادداشت پیش کرتے ہوئے انتظامیہ کی ٹریبونل کے حکم پر عمل آوری میں ناکامی کے خلاف احتجاج کیا۔ اس مقام پر یگیہ کرنے والی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر وپن بھارگو نے کہاکہ انہوں نے ٹریبونل کے اس فیصلہ کے خلاف مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں