مصر کے شام سے تعلقات منقطع - عدم پرواز خطہ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-17

مصر کے شام سے تعلقات منقطع - عدم پرواز خطہ کا اعلان

مصر نے شام کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلئے ہیں اور عالمی طاقتوں سے خواہش کی ہے کہ جنگ زدہ ملک پر سے پر واز کے سلسلہ میں اسے عدم پرواز خطہ قرار دیا جائے۔ یہ شام کی پریشان حال حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہوگا جس کے سربراہ بشارالاسد ہیں۔ صدر مصر محمد مرسی نے کل ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مصری عوام اور فوجی شامی بغاوت کی تائید کررہے ہیں۔ مرسی کے اعلان کا پرزور ستائش کے ساتھ اور 20ہزار حامیوں کی پرجوش نعرہ بازی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ مصر کے سفیر برائے شام کو دمشق سے واپس طلب کرلیا جائے گا۔ مرسی نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قاہرہ میں شام کا سفارت خانہ بھی بند کردیا جائے گا۔ اس طرح مصر تیسرا عرب ملک بن گیا ہے جس نے جنگ زدہ شام سے اپنے تعلقات منقطع کرلئے ہیں۔ قبل ازیں لیبیا اور تیونس بھی شام سے اپنے تعلقات منقطع کرچکے ہیں۔ محمد مرسی نے کہاکہ مصر کے عوان اور اس کی فوج شامیوں کا ساتھ اُس وقت تک نہیں چھوڑے گی جب تک کہ انہیں ان کے حقوق حاصل نہیں ہوجاتے اور نئی قیادت کا انتخاب نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہاکہ وہ عرب لیگ سے دخواست کرچکے ہیں کہ شام کی تائید کے امکانی وسائل پر بحث کیلئے عرب لیگ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر بھی زوردیا کہ شام کی فضائی حدود کو عدم پرواز خطہ قرار دیا جائے جیسا کہ ناٹو نے معمر قذافی کے خلاف بغاوت کے دوران لیبیا کو قرار دیا تھا۔ انہوں نے حزب اﷲ سے بھی خواہش کی کہ وہ شام کا تخلیہ کردے۔ انہوں نے کہاکہ شام میں حزب اﷲ کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ عدم پرواز خطہ قرار دینے پر امریکہ جمعہ کے دن ہی غور کرچکا ہے۔ اس تجویز پر عمل آوری سے شام کا روسی ساختہ فضائی دفاع کا نظام تباہ ہوجائے گا۔ محمد مرسی نے کہاکہ مصری عوام 2006ء میں اسرائیلی حملہ کے خلاف حزب اﷲ اور لبنانی عوام کی تائید کرچکے ہیں۔ اب ہم شام کیلئے حزب اﷲ کے خلاف صف آراء ہیں۔

Egypt cuts Syria ties, calls for no-fly zone

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں