اترکھنڈ میں تیز بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات - بچاؤ کاروائی متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

اترکھنڈ میں تیز بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات - بچاؤ کاروائی متاثر

تازہ بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات کے علاوہ بادل پھٹ پڑنے سے آج سیلاب زدہ اترا کھنڈ کے پریشان حال عوام کو راحت رسانی اور بچاؤ کاروائیاں متاثر ہوئیں۔ ہنوز10ہزار سے زیادہ پھنسے ہوئے افراد کا تخلیہ باقی ہے ریاستی حکومت نے دیگر ریاستوں کو یکطرفہ طورپر بچاؤ کوششوں سے منع کردیا ہے۔ ناسازگار موسم کی وجہہ سے کئی بڑے فوری ہیلی کاپٹر عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے یس قاصر رہے کیونکہ ان کی پرواز ناممکن تھی۔ چھوٹے ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ بدری ناتھ، پانڈو کیشور اور لام بگار ضلع چمولی سے صرف 138 افراد کا تخلیہ کروایا جاسکا۔ پہاڑوں کی بلندی پر بارش نے ہیلی کاپٹرس کی کارروائیوں کو معطل کردیا۔ ریاستی دارالحکومت دہرہ دون میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دردو پریاگ اور بدری ناتھ کی قومی شاہراہیں می کے تودے پھسل کر گرنے کی وجہہ سے بند ہوگئی ہے۔ بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات کے علاوہ پوری میں مسلسل زبردست بارش کے بعد بیٹھانی قصبہ کے دیہات مولان میں بادل پھٹ پڑنے کا واقعہ پیش آیا۔ کئی مکان منہدم ہوگئے لیکن فوری طورپر ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ملی۔ کئی ریاستوں نے اتراکھنڈ کو اپنی ٹیمیں روانہ کی تھیں لیکن ریاستی حکومت نے آج فیصلہ کیا کہ کسی بھی دوسری ریاست کو یکطرفہ طورپر بچاؤ کاروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہاکہ اتراکھنڈ میں ملبہ کی صفائی کے بعد ہلاکتوں کی تعداد مبینہ ایک ہزار سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔ اتراکھنڈ کے آفات سماوی انتظامی وزیر یشپال آریہ نے کل کہا تھا کہ اندیشہ ہے کہ کم اکم 5ہزار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء چھوٹے فوجی "چیتا" ہیلی کاپٹرس نے بچاؤ کارروائیوں میں رفتار پیدا کرتے ہوئے بدری ناتھ، جنگل چھاتی اور ہرشل کے علاقوں میں پرواز کی۔5مسافروں کو بچاکر محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔ فوجی شہری ہوابازی کور نے 5چیتا ہیلی کاپٹرس اور دھرو ہیلی کاپٹرس فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس کے علاوہ راحت رسانی اور بچاؤ کاروائیوں کیلئے اتراکھنڈ روانہ کئے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹرس اب تک 500 مسافرین کو جو پھنسے ہوئے تھے بچا چکے ہیں۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیر دفاع اے کے انٹونی آج فوج اور فضائیہ کی اترا کھنڈ میں راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیں گے اور پہاڑی ریاست میں ازسر نو تعمیر کے کام میں فوج کے کردار کا تخمینہ کریں گے۔ کئی گوشوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ تیز رفتار بحال کیلئے تباہی کا شکار وسیع علاقوں میں ازسر نو تعمیر کیلئے فوج تعینات کی جائے۔ وزرائے دفاع اس مسئلہ پر فوج کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرے گی۔ اجلاس میں مشیر قومی سلامتی شیوشنکر مینن، معتمد دفاع آر کے ماتھر اور فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے۔ وزیر دفاع ایک علیحدہ جائزہ اجلاس بھی منعقد کریں گے جس میں بی آر او کے ڈارئرکٹر لفٹنٹ جنرل اے ٹی پرنائک کے ساتھ اتراکھنڈ میں سڑکوں کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔

Fresh rains hamper rescue operations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں