پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ ہیک کا معاملہ - ملزمین کی تلاش جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-16

پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ ہیک کا معاملہ - ملزمین کی تلاش جاری

ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب واقع ایکسیس بینک کے اے ٹی ایم سے یونا میں پولیس اہکاروں سمیت کئی افراد کی رقم چرائے جانے کے واقعہ کے بعد پولیس اس شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے جس نے مذکورہ اے ٹیم میں "اسکیمنگ ڈیوائس" چسپاں کی تھی۔ ملزم کا پتہ لگانے کیلئے ایکسیس بینک کے مذکورہ اے ٹی ایم سینٹر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرہ کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اس بارے میں زون ایک کے ڈپٹی پولیس کمشنر رویندر سوسوے نے کہاکہ ہر چند کہ پولیس اب تک کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی ہے لیکن اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ یونان میں جن افراد نے 12 پولیس اہکاروں سمیت 38 اکاؤنٹ ہولڈروں کے لاکھوں روپئے نکال لئے ہیں ، ان کے اے ٹی ایم کارڈز کی تفصیلات ممبئی سے ہی کسی شخص نے فراہم کی ہیں۔ انہوں نے اکاونٹ ہولڈروں کے کھاتوں سے پیسے نکالے جانے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ "پولیس کو شبہ ہے کہ ممبئی میں موجود کسی شخص نے ڈی جی پی آفس کے قریب واقع اے ٹی ایم میں "اسکیمنگ ڈیوائس" نصب کیا تھا"۔ اسکیمنگ ڈیوائس سے متعلق رویندر سوسوے نے بتایاکہ "اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والے مشین کے جس حصہ میں کارڈ ڈال کر رقم نکالتے ہیں، ہیکرس وہاں ’اسکیمنگ ڈیوائس، نامی ایک پلاسٹک کی چپ جو ایک سینٹی میٹر سے بھی چھوٹی ہوتی ہے، اس جگہ پر چسپاں کردیتے ہیں۔ جب کوئی شخص اپنا اے ٹی ایم کارڈ مشین میں ڈالتا ہے تو اس کا تمام ڈاٹا اس چپ میں اسکیان ہوجاتاہے"۔ انہوں نے مزید کہاکہ گذشتہ 2ماہ کے دوران مختلف اوقات میں اے ٹی ایم میں اسکیمنگ ڈیوائس لگایا اور تقریباً 12 گھنٹے بعد اسے نکال لیا گیا تھا۔ سوسوے نے بتایاکہ اے ٹی ایم میں ڈیوائس 4؍تا29؍اپریل موجود تھا۔ اس کے بعد ملزم نے اسے نکال لیا تھا۔ ڈپٹی پولیس کمشنر رویندر سوسوے نے کہاکہ اس بات کا پتہ لگانے کیلئے کس شخص نے وہ ڈیوائس لگایا تھا اور پھر اسے نکال کر یونان میں بیٹھے اپنے ساتھیوں کو فراہم کیا تھا، 4؍اپریل 29؍اپریل تک کے سی سی ٹی وی کیمرے کے تمام فوٹیج حاصل کرلئے گئے ہیں اور انہیں کالینہ فورینسک لیباریٹری بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب تک کی تفتیش میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ہیکرس نے ایکسیس بینک کے مزید 5ہزار اے ٹی ایم کارڈ ہولڈرس کے اکاونٹ ہیک کئے ہیں اس لئے انہیں وقتی طورپر بند کردیا گیا ہے۔ سوسوے نے یہ بھی کہا کہ ایکسیس بینک کے علاوہ شہر کے کئی اور بینکوں کے کھاتہ داروں کے اکاؤنٹ ہیک کئے جانے کا بھی پتہ چلا ہے۔ اب تک کی تفتیش کے مطابق 12 پولیس اہلکاروں سمیت کل 37افراد کے اے ٹی ایم اکاونٹ سے یونان میں موجود ملزمین نے 15لاکھ 37ہزار روپئے نکالے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ اس انکشاف کے بعد قلابہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ملزمین کے خلاف فریب دہی اور جعلسازی کے علاوہ آئی ٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایک طرف ایکسیس بینک اس طرح کی چوری سے بچنے کیلئے لائحہ عمل تیار کررہا ہے تو دوسری طرف پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شہر میں موجود ملزم کو تلاش کرنے کے علاوہ یونان پولیس سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔

Axis bank hacking: device attached to ATM helped clone Mumbai cops' debit cards

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں