اجئے ماکین مرکزی وزارت سے مستعفیٰ - کابینہ میں رد و بدل ممکن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-16

اجئے ماکین مرکزی وزارت سے مستعفیٰ - کابینہ میں رد و بدل ممکن

مسٹر اجئے ماکین نے آج اچانک ہی وزیر ہاوزنگ و شہری انسداد غربت کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کردیا اس طرح کانگریس پارٹی میں تنظیمی سطح پر ردوبدل اور مرکزی کابینہ میں بھی اتھل پتھل کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ منگل کو مرکزی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا۔ 49 سالہ ماکین دہلی کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور امکان ہے کہ انہیں کل ہند کانگریس کمیٹی میں ایک اہم عہدہ دیا جاسکتا ہے۔ یہ عہدہ پارٹی جنرل سکریٹری کا بھی ہوسکتا ہے۔ مسٹر ماکین نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے اور انہوں نے پارٹی کیلئے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اعلیٰ سطح کے ذرائع نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ وہ قبل ازیں مسٹر آف اسٹیٹ داخلہ تھے اور بعد میں انہیں اسپورٹس اور امور نوجوانان کا آزادانہ قلمدان دیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں گذشتہ سال اکتوبر میں کابینی درجہ دیا گیا تھا۔ وزیراعظم منموہن سنگھ کا امکان ہے کہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے وزارتی کونسل میں کئی خالی کرسیوں کو پر کرسکتے ہیں۔ حال ہی میں کابینہ سے مسٹر پی کے بنسل اور مسٹر اشونی کمار کو استعفیٰ پیش کردینا پڑا تھا۔ مسٹر بنسل نے اپنے بھانجے اور ریلوئے بورڈ کے ایک رکن کے مابین رشوت کے الزامات کے باعث وزیرریلوئے کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کردیا تھا۔ اشونی کمار بحیثیت وزیر قانون مستعفی ہوئے تھے کیونکہ کوئلہ الاٹمنٹ پر سی بی آئی رپورٹ میں مرکزی حکومت کی مداخلت پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ ریلوئے کا قلمدان وزیر ٹیلیکام مسٹر کپل سبل کو دیا گیا تھا۔ آئندہ ہفتے اگر کابینہ میں ردوبدل ہوسکتا ہے تو جن وزراء کے پاس 2 قلمدان ہیں انہیں ایک تک محدود کیا جاسکتا ہے۔ ڈی ایم کے اور ٹی ایم سی نے بھی گذشتہ ایک سال کے اندر یوپی اے حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان کے وزراء کی جانب سے استعفیٰ پیش کردئے تھے اور اس کے بعد سے ان پر تقررات نہیں کئے گئے تھے ۔ جاریہ سال 20 مارچ کو ڈی ایم کے کے 5 وزراء نے استعفیٰ پیش کردئے تھے اور اس کے بعد سے ان پر تقررات نہیں ہوئے ہیں۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ کچھ ردوبدل کے علاوہ کچھ وزراء کو پارٹی کی تنظیمی ذمہ دارایاں سونپی جاسکتی ہیں اور انہیں وزارتی قلمدانوں سے سبکدوش کیا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ کابینہ میں ردوبدل کے ساتھ پارٹی میں تنظیمی سطح پر بھی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں کیونکہ یہ بہت دونوں سے توجہ طلب ہے۔ وزیر صحت کا قلمدان رکھنے والے غلام نبی آزاد جو ٹاملناڈو اور آندھراپردیش کے انچارج سکریٹری جنرل ہیں انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کے انچارج کی حیثیت سے مسٹر جناردھن دویدی کو سبکدوش کیا جاسکتا ہے۔ اس عہدہ کیلئے پارٹی قائدین امبیکا سونی اور ڈگ وجئے سنگھ کے نام لئے جارہے ہیں۔ کچھ ریاستوں کے انچارج جنرل سکریٹریز کو بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Ajay Maken resigns as Union minister ahead of Cabinet reshuffle

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں