جے۔ڈی۔یو کی این۔ڈی۔اے سے علیحدگی یقینی - محض اعلان باقی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-16

جے۔ڈی۔یو کی این۔ڈی۔اے سے علیحدگی یقینی - محض اعلان باقی

بی جے پی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہ اُس نے نریندر مودی کے مستقبل میں رول کے بارے میں واضح نہ رہتے ہوئے ہمیں اتحاد سے نکلنے پر مجبور کیا ہے۔ سینئر جے ڈی (یو) لیڈر شیوانند تیواری نے آج کہاکہ اس مخلوط میں پھوٹ کا اعلان "محض رسمی کارروائی" ہے۔ تیواری نے مودی کو "متکبر" اور "انتشار پسند شخص "بھی قرار دیا جو تمام طبقات کو ساتھ لے کر نہیں چل سکتا ہے۔ سینئر جے ڈی(یو) لیڈر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ "ہم یہ واضح تیقن کیلئے کوشاں رہے ہیں کہ نریندر مودی بہر صورت وزارت عظمی امیدوار نہیں ہوں گے، لیکن جے ڈی (یو) کے امکانی واک آوٹ کے درمیان این ڈی اے کو بچانے کیلئے بات چیت کے دوران اُن (بی جے پی) کی طرف سے ایسا تیقن سامنے نہیں آیا ہے"۔ انہوں نے کہاکہ "یہ ایک بار بالکلیہ واضح ہوجانے دیجئے اور اس سب کیلئے بی جے پی نے مستقبل میں مودی کے رول پر واضح نہ رہتے ہوئے جے ڈی (یو) کو اتحاد سے نکلنے پر مجبور کیا ہے"۔ تیواری کے ریمارکس ایسی اطلاعات کے پس منظر میں ہیں کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بی جے پی سے واضح تیقن طلب کیا ہے کہ مودی پی ایم امیدوار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے سے جے ڈی(یو) کی علیحدگی کا اعلان محض ضابطہ کی تکمیل ہے، جو اعلیٰ جے ڈی (یو) قائدین کے مابین مشاورت کے فوری بعد ظاہر کردیاجائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ "مودی کے بارے میں ہمارے پراستقلال موقف کے تناظر میں اس طرح کے اعلان کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ چیف منسٹر گجرات پر شدید حملہ کریت ہوئے انہوں نے کہا "مودی مغرور شخص ہے اور ان کی شخصیت سے ان کی عکاسی ہوجاتی ہے.... ان کا انشتار پسند طرزعمل بھی سب پر عیاں ہے"۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کس طرح جے ڈی (یو) جیسی سیکولر پارٹی ایسے "متکبر اور تقسیم پسند شخص کووزارت عظمی امیدوار کے طورپر پیش کرنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ جے ڈی (یو) کے قومی ترجمان نے کہا "مودی کی شخصیت ایسے شخص کی نہیں جو اپنے ساتھ مزید لوگوں کو رکھنا چاہتا ہے، لیکن ساتھ ہی کسی کو بھی شبہ نہیں کہ ان کا نام ہی سماج کو تقسیم کرنے کیلئے کافی ہے"۔ دریں اثناء ایسے سوالات پر کہ آیا جے ڈی (یو) نے بی جے پی کے سامنے شرائط رکھے ہیں، صدر پارٹی شرد یادو نے کہا "ہم نے بی جے پی کے سامنے کوئی شرائط نہیں رکھے۔ یہ اتحاد ابھی تک قومی ایجنڈے پر چلا ہے جس کا سب کو احترام کرنا ہوگا"۔ شرد یادو نے تسلیم کیا کہ "اتحاد میں مشکلات ہیں"۔ مگر یہ بھی کہا ، "ہم اس کی یکسوئی کی کوشش کررہے ہیں"۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال درحقیقت نہایت مشکل ہے۔ اتحاد کے اندرون مسائل ہیں لیکن ان کو دور کرنے کیلئے کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی فیصلہ پارٹی قائدین کی میٹنگ کے بعد ہی ہوگا۔

JD(U) separation is sure from NDA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں