قبل از وقت مانسون سے شمالی ہند شرابور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-17

قبل از وقت مانسون سے شمالی ہند شرابور

تقریباً 2ہفتے قبل مانسون کی دستک نے پورے شمالی ہندکو بارش سے شرابور کردیا۔ گرمی کی شدت سے بے چین لوگوں کو بارش سے زبردست راحت ملی ہے۔ دہلی کے علاوہ اترپردیش، ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں گذشتہ 2دنوں سے بارشد کی بوچھار پڑرہی تھیں لیکن ہفتہ کی شام سے تیز بارش نے ہر طرف پانی ہی پانی کردیا۔ شدید بارش نے جہاں عوام کو گرمی سے راحت دلائی وہیں اس بارش سے لوگوں کوزحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مغربی اترپردیش خصوصاً سہارنپورمیں مکان کا لینٹر زمین بوس ہوگیا جس سے باپ بیٹی کی موت ہوگئی اور 2افراد شدید طورپر زخمی ہوگئے۔ وہیں رام پور میں بارش سے مخدوش چھت گرنے سے 25افراد دب کر شدید طورپر زخمی ہوگئے۔ رام پور کے دریا گڑھ میں برات والے گھر کی چھت گرنے سے2سے 27سال کی عمر کے 25لوگ دب کر زخمی ہوگئے۔ ہریانہ اورپنجاب میں مانسون پہنچنے کے باعث اتوار کو موسلادھار بارش ہوئی۔ پہاڑی علاقوں میں ہوئی برسات سے ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج کی سطح آب بڑھ کر2لاکھ 16ہزار کیوزک ہوگئی۔ آئندہ 72گھنٹوں میں یہ پانی دہلی پہنچ جائے گا۔ اتراکھنڈ میں کئی روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہہ سے رشی کیش کے جانے والے راستوں پر تودے کھسکنے سے آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ دہرہ دون کے کینٹ پولیس تھانے علاقے کی میٹھی بیری بستی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مکان منہدم ہوجانے سے ایک بچے سمیت 3افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس انسپکٹراسوال کے مطابق خاندان کے 3افراد والدین اور ان کا ایک بیٹا تقربیاً 10بجے ٹیلی ویژن دیکھ رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ کنہیا، اس کی بیوی ارملا اور ان کا 8سالہ بچہ جس کے ہاتھ میں ریموٹ ملا، ملبے میں زندہ دفن ہوگئے تھے۔ انسپکٹر اسوال نے بتایاکہ پولیس اور سول حکام جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشیں باہر نکالیں۔ اترپردیش کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ پورے علاقے میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور لوگوں کو امس بھری گرمی سے نجات ملی۔ حالاں کہ بارش کے دوران تیز ہوا چلنے کی وجہہ سے کئی علاقوں میں بجلی گل ہوجانے کی وجہہ سے لوگ پریشان نظر آئے۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے اندر بریلی اور آس پاس کے علاقوں میں دھوپ چھاؤں کا موسم رہے گا۔ اس دوران گرج اور چمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کا امکان ہے۔

Abnormal Pre-Monsoon Rain Targeting North India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں