ثنا اللہ پر حملہ - سپریم کورٹ کو جموں و کشمیر حکومت سے وضاحت مطلوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-09

ثنا اللہ پر حملہ - سپریم کورٹ کو جموں و کشمیر حکومت سے وضاحت مطلوب

سپریم کورٹ نے جموں جیل میں پاکستانی قیدی ثناء اﷲ رانجے پر حملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے آج مرکز اور جموں وکشمیر سرکار سے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے ان حکومتوں سے پوچھا ہے کہ آخر اس حملے کو روکنے کیلئے مناسب اقدام کیوں نہیں اٹھائے گئے تھے؟ حالانکہ عدالت عظمی نے ثناء اﷲ کو پاکستان واپس بھیجنے کی اجازت دینے سے یہ کہتے ہوئے انکارکردیا کہ اس نے ابھی اپنی سزا پوری نہیں کی ہے۔ جسٹس آر ایم لوڈھا اور جسٹس جوزف کورین پرمشتمل 2رکنی بنچ نے آج یہ جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے اس حملے کے سلسلے میں جیل حکام کے خلاف کی گئی کارروائی کی بھی تفصیل طلب کی ہے۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت اور ریاستی سرکار کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ مذکورہ بنچ نے یہ ہدایات جموں وکشمیر پینتھرس پارٹی کے چیف بھیم سنگھ کی عرضی پر سماعت کے دوران دیں۔ بھیم سنگھ نے اپنی عرضی میں عدالت سے درخواست کی تھی کہ ہندوستان کی جیلوں میں 15سال سے زائد عرصہ گذار چکے پاکستانی اور دیگر غیر ملکی قیدیوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کی ہدایت دی جائے۔ عرضی میں یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ ذہنی طورپر معذور ان تمام قیدیوں کو واپس ان کے ملک بھیج دیا جائے جن کی ہندوستان میں اب کسی معاملے میں ضرورت نہیں ہے لیکن سزا پوری کرنے کے باوجود بھی وہ یہاں قید ہیں۔ ثناء اﷲ کے سلسلہ میں بھیم سنگھ نے اپنی عرضی میں کہاکہ مرکز گذشتہ اگست کے حلف نامہ میں یہ کہہ چکا ہے کہ ثناء اﷲ ہندوستان کی مختلف عدالتوں میں سنائی گئی سزا پوری کرچکا ہے اور اسے واپس بھیجنا عالمی انصاف کے مفاد میں ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں