نئے حج ہاؤس حیدرآباد کی تعمیر پر دیرینہ تنازعہ کی یکسوئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-23

نئے حج ہاؤس حیدرآباد کی تعمیر پر دیرینہ تنازعہ کی یکسوئی

شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب نئے حج ہاوز کی تعمیر کے سلسلہ میں تقریباً دو برسوں سے جاری تنازعہ آخر کار آج حل ہوگیا۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی مداخلت کے بعد ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اﷲ نے آج صدرنشین وقف بورڈ مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ اور صدرنشین حج کمیٹی جناب خلیل الدین احمد کے ہمراہ پہاڑی شریف کے قریب واقع اُس اراضی کا معائنہ کیا جسے حج ہاوز کی تعمیر کیلئے مختص یا گیا ہے۔ وقف بورڈ نے نئے حج ہاوز کی تعمیر کیلئے 10ایکڑ اراضی مختص کی ہے اور وہ اس اراضی کو حج کمیٹی کو لیز پر دینے کیلئے بھی تیار ہے۔ تاہم عمارت کے کنٹرول کے مسئلہ پر حج کمیٹی اور وقف بورڈ میں تنازعہ جاری تھی جس کے سبب تعمیری کام گذشتہ 2سال سے شروع نہیں ہوسکا۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے جو گذشتہ 2برسوں سے عازمین حج کی روانگی کے وقت حج ہاوز کی تعمیر کا اعلان کررہے تھے وزیراقیتی بہبود کو ہدایت دی کہ اندرون 3یوم اس تنازعہ کی یکسوئی کردیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے دونوں اداروں کے صدرنشین اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ اراضی کا معائنہ کیا اور اجلاس میں دونوں کی سماعت کے بعد مسئلہ کی یکسوئی کرلی گئی۔ متفقہ فیصلہ کے مطابق وقف بورڈ 10ایکڑ اراضی حج کمیٹی کو لیز پر دے گا اور اس کا ماہانہ کرایہ 11,111روپئے مقرر کیا جاسکتا ہے۔ یہ عمارت حج سیزن میں عازمین حج کے قیام کیلئے استعمال کی جائے گی اور دیگر ایام میں اقلیتی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور انہیں مختلف کورسس میں ٹریننگ کلاسس کے اہتمام کیلئے اس عمارت کا استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے تنازع کی یکسوئی پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ بہت جلد اس سلسلہ میں دونوں ادارے یادداشت مفاہمت پردستخط کریں گے۔ اس کے بعد چیف منسٹر کرن کمارریڈی حج ہاوزکی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ میں اراضی کے مسئلہ پر کوئی تنازعہ نہیں تھا صرف عمارت کے کنٹرول کو لے کر بعض غلط فہمیاں تھیں جسے آج دور کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اراضی پر ایک شاندار حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا جو تمام بنیادی اور عصری سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔ جناب احمد اﷲ نے بتایاکہ انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب حج ہاوز کی تعمیر سے عازمین حج کو بھی روانگی میں کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ دیگر ایام میں اس عمارت کو اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویسس اور دیگر مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کلاسس کے اہتمام کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ جناب احمد اﷲ نے اس تعطل کے خاتمہ میں تعاون پر وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے صدورنشین اور حکام سے اظہار تشکرکیا۔ واض رہے کہ حکومت نے نئے حج ہاوز کی تعمیر کیلئے 12.5کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور 3کروڑ روپئے 2سال قبل جاری کردئیے گئے جو محکمہ اقلیتی بہبود کے پاس محفوظ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے درمیان معاہدہ کو قطعیت دی جارہی ہے اوراس پر کل دستخط ہوجائیں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں