ریاست میں تلگودیشم اور مرکز میں تیسرے محاذ کا اقتدار یقینی - نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-28

ریاست میں تلگودیشم اور مرکز میں تیسرے محاذ کا اقتدار یقینی - نائیڈو

آئندہ انتخابات میں تلگودیشم شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ ریاست میں کوئی سیاسی قوت تلگودیشم کو اقتدار حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی چونکہ عوام میں یہ احساس پیدا ہوچکا ہے کہ صرف تلگودیشم ہی ریاست کو بہتر حکمرانی فراہم کرسکتی ہے۔ صدر تلگودیشم مسٹر چندرابابو نائیڈو نے آج پارٹی کے 32ویں مہاناڈو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ مرکز میں بھی تیسرے محاذ کی حکومت قائم ہوگی اور تلگودیشم پارٹی اس میں اہم رول ادا کرے گی۔ تلگودیشم نے ماضی میں تیسرے محاذ میں اہم رول ادا کیا تھا اور آئندہ انتخابات کے بعد تاریخ ایک بار پھر دہرائی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کے عوام بدعنوانوں، بلیک میلروں اور بدعنوانوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے کانگریس، وائی ایس آر کانگریس اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ جماعتیں بدعنوانیوں، وصولی پارٹی اور جیل پارٹی میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستی حکومت کو عوام کو دھوکہ دے رہی ہے اور بدعنوانیوں میں ملوث وزراء کی پشت پناہی میں مصروف ہے۔ تلگودیشم بدعنوان اور داغدار وزراء کی برطرفی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی کابینہ سے اب 2وکٹیں تو گر چکی ہیں اور بہت جلد مزید 4وکٹیں برسر اقتدار جماعت کھونے جارہی ہے۔ مسٹر نائیڈو نے تلگودیشم کارکنوں کو پارٹی کی اہم طاقت قرار دیتے ہوئے کہاکہ قائدین کی بغاوت سے پارٹی کو فرق نہیں پڑے گا چونکہ پارٹی کی قوت کارکن ہیں جو آج بھی پارٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم و علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے مسئلہ پر تلگودیشم کا موقف واضح کردئیے جانے کے باوجود ٹی آرایس تلگودیشم کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کو فائدہ پہنچانے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا تلنگانہ راشٹرا سمیتی عوام کو اس بات سے واقف کرواسکتی ہے کہ 2009میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلگودیشم کی حمایت کیوں حاصل کی تھی جبکہ تلگودیشم نے 2009ء میں موقف اختیار کیا تھا اسی پر پارٹی آج بھی برقرار ہے۔ صدر تلگودیشم نے وائی ایس آر کانگریس کو جیل پارٹی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں قائد بدعنوانیوں اور کروڑہا روپئے کے غبن کے الزامات کا سامنا کررہا ہے اور باہر کارکن اپنے قائد کے دفاع کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ نائیڈو نے کانگریس کو دھوکہ باز سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس اسکیمات کے نام پر اسکامس میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت بنگارو تلی کے نام سے اسکیم کا آغاز کرچکی ہے لیکن آج بھی ریاست میں خواتین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ صدر تلگودیشم نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو لفافہ چیف منسٹر قرار دیا اور کہاکہ اپنی برقراری کیلئے تقریباً ہر ماہ وہ دہلی کا دورہ کرکے ہائی کمان کو مطمئن کررہے ہیں۔

TDP will take initiative in forging Third Front, Naidu says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں