9 سالہ دور وزارت میں کوئی غلط کام نہیں کیا - سبیتا اندرا ریڈی کی تانڈور پریس کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-28

9 سالہ دور وزارت میں کوئی غلط کام نہیں کیا - سبیتا اندرا ریڈی کی تانڈور پریس کانفرنس

میرے 9/سالہ دور وزارت میں میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ،پارٹی ہائی کمان کے لئے کوئی پریشانی نہ ہو اسی لئے استعفیٰ دیا
میری بے گناہی عدالت میں ثابت کرونگی، عدالتوں اور انصاف پر مجھے مکمل یقین ہے ، اب خود کو کانگریس پارٹی کے لئے وقف کردوں گی
سابق ریاستی وزیر داخلہ مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی کی تانڈور میں پریس کانفرنس

سابق ریاستی وزیر داخلہ مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہیکہ انہوں نے اپنے 9؍سالہ دورِوزارت میں کوئی غلط کام نہیں کیا ہے وہ آج یہاں نوتعمیر سائی بابا مندر میں مورتی کی ایستادگی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے آئی ہوئی تھیں مقامی صحافیوں کے اصرار پر انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی کیریر بے داغ ہے اور بطور وزیر معدنیات ان کی جانب سے اجراء کردہ جی اوز حکومت کا فیصلہ تھا اور کام کاج کا ایک حصہ تھا تاہم سی بی آئی کی جانب سے ان پر عائد الزامات اور چارج شیٹ میں ان کے نام کی شمولیت کے متعلق مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے زور دیکر کہا کہ وہ اپنی بے گناہی عدالت میں ثابت کریں گی کیونکہ وہ بے داغ ہیں اور کسی بھی غلط کام میں ہرگز ملوث نہیں ہیں یاد رہیکہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات کے کیس میں سی بی آئی نے سابق وزیر داخلہ مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی کا نام بھی چارج شیٹ میں شامل کیا ہے جن پر( 2004ء تا 2009ء بطور ریاستی وزیر معدنیات کانکنی سے تعلق رکھنے والے جی اوز کی اجرائی کے متعلق الزامات ہیں ) جس کے بعد انہوں نے گذشتہ ہفتہ ریاستی وزیر مال دھرمنا پرساد کے ہمراہ اپنا مکتوب استعفیٰ وزیراعلیٰ کرن کمار ریڈی کو سونپ دیا تھاجنہوں نے قبولیت کے لئے ریاستی گورنر کے پاس روانہ کردیا تھا جسے کل ہی ریاستی گورنر کے ایس ایل نرسمہن نے قبول کرلیا ہے ۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر داخلہ مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ وہ عدالتوں اور ان کے فیصلوں پر مکمل یقین رکھتی ہیں اور یہ بھی یقین ہیکہ وہ انہی عدالتوں سے باعزت طریقہ سے بے گناہ ثابت ہونگی انہوں نے کہا کہ اپنے 9؍سالہ دورِ وزارت سے وہ پوری طرح مطمئین ہیں اور ان وزارتی عہدوں سے انہوں نے پوری طرح انصاف بھی کیا ہے ۔سابق ریاستی وزیر داخلہ مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ان کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا مقصد پارٹی ہائی کمان کو کسی بھی پریشانی میں ڈالنے سے بچانا تھا انہوں نے اعلان کیا کہ اب وہ خود کو کانگریس پارٹی کی مزید مضبوطی کے لئے وقف کردیں گی اور ہر پارٹی کارکن سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گی اس موقع پر مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے ان کی وزارتوں کے دؤران ان سے تعاون کرنے والے تمام سیاسی قائدین، سرکاری عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔اس موقع پر صدر ڈی سی سی بی پی۔ لکشما ریڈی، پی سی سی ڈیلیگیٹ سردار خان ،صدر ٹاؤن کانگریس ایم اے نعیم افو،سابق صدر بلدیہ وشواناتھ گوڑکے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے۔

Sabitha Indira Reddy press conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں