YS Jaganmohan Reddy completes one-year in jail
صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کا چنچل گوڑہ سنٹرل جیل میں آج ایک سال مکمل ہوگیا جنہیں غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں گذشتہ سال 27مئی کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ رکن پارلیمنٹ کڑپہ کے غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں سی بی آئی نے تاحال 5چارج شیٹ داخل کئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے کچھ عرصہ قبل جگن کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات اندرون 4ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے تحقیقات کی تکمیل کے بعد سی بی آئی کی عدالت میں درخواست داخل کرنے کی جگن کو سہولت دی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن کی غیر قانونی حراست کے خلاف ریاست گیر احتجاج کررہی ہے۔ آج نکلس روڈ پر کینڈل ریالی نکالی گئی جبکہ 28مئی کو اندرا پارک پر احتجاجی دھرنا منظم کیاجائے گا۔ جہاں پارٹی کی اعزازی صدر وجئے اماں، جگن کی اہلیہ وائی ایس بھارتی کے ساتھ صبح 10بجے سے شام 5بجے تک دھرنا منظم کریں گی۔ پارٹی قائد شوبھا ناگی ریڈی نے بتایاکہ جگن کی گرفتاری، برسر اقتدار کانگریس اور اصل اپوزیشن تلگودیشم کی سیاسی سازش کا حصہ ہے جس کیلئے سی بی آئی کا استعمال کیا گیا ہے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران عدالت نے جگن موہن ریڈی کو کئی موقعوں پر ضمانت دینے سے انکار کردیا اگرچہ ممتاز وکلاء نے ان کی پیروی کی تھی۔ گذشتہ ایک سال کے دوران برسر اقتدار کانگریس اور اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کے کئی قائدین نے جیل میں جگن سے ملاقات کے بعد ان کی پارٹی وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں