اقلیتی اسکالرشپ اسکیم گجرات - حکم التوا سے سپریم کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

اقلیتی اسکالرشپ اسکیم گجرات - حکم التوا سے سپریم کورٹ کا انکار

سپریم کورٹ نے اقلیتوں کیلئے اسکالرشپ کی مرکزی اسکیم پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ گجرات ہائی کورٹ نے بھی حکومت گجرات کی درخواست اس سلسلہ میں مسترد کر دی تھی۔ مودی حکومت کی یہ دلیل ہے کہ اقلیتی طلبہ کو دی جانے والی اسکالرشپ اسکیم مذہبی امتیاز پر مبنی ہے ۔ اس کے جواب میں گجرات ہائی کورٹ کے وسیع تر بنچ نے کہاکہ یہ اسکیم مذہبی امتیاز پر مبنی نہیں ہے بلکہ اس کا دستوری جواز موجود ہے لہذا حکومت گجرات کو چاہئے کہ وہ فوری اس اسکیم پر عمل آوری شروع کر دے ۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کو مودی حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ یہ اسکیم تمام ریاستوں میں نافذ ہے ۔ مسلمانوں کے بشمول اقلیتوں کے 5طبقات کے طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی ہے ۔ اسکالرشپ ان طلبہ کو دی جاتی ہے جن کے والدین کی آمدنی سالانہ ایک لاکھ روپئے سے کم ہے ۔ اسکالرشپ کی 75 فیصد رقم مرکز کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے اور 25فیصد رقم ریاستی حکومتوں کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے ۔ آج کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں گجرات حکومت کے وکیل نے کہاکہ اقلیتوں سے متعلق اسکیم مذہب پر مبنی ہے لہذا مرکز ریاستوں پر یہ اسکیم مسلط نہیں کر سکتا۔ گجرات میں پہلے ہی سے مذہبی امتیاز کے بغیر تمام غریب طلبہ کیلئے اسی طرح کی اسکیم نافذ کی گئی ہے ۔ مرکزی اسکیم مذہبی امتیاز پر مبنی ہے ۔ اس دلیل کو سپریم کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے سابقہ حکم پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کر دیا تاہم سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاکہ اسکیم مذہبی امتیاز پر مبنی ہونے حکومت گجرات کے الزام پر وہ وضاحت پیش کرے ۔ اگلی سماعت اگست کے پہلے ہفتہ میں مقرر کی گئی ہے ۔ کانگریس کے لیڈر آدم چاکی نے سب سے پہلے مفاد عامہ کی درخواست گجرات ہائی کورٹ میں داخل کی تھی اور عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ گجرات میں مرکزی اسکیم نافذ کرنے کیلئے مودی حکومت کے نام ہدایت جاری کرے ۔

SC won't stay Centre's minority scholarship scheme in Gujarat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں