ہندوستان کو صاف ستھرے کفایتی ذرائع توانائی درکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

ہندوستان کو صاف ستھرے کفایتی ذرائع توانائی درکار

صاف ستھرے، بھروسہ مند اور کفایتی ذرائع توانائی تک رسائی ہندوستان کیلئے بڑی پالیسی ترجیح ہے، وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج یہ بات کہی۔ ڈاکٹر سنگھ نے چوتھی یو ایس ۔انڈیا انرجی پارٹنر شپ سمٹ کو ایک پیام میں کہا کہ ہندوستان میں توانائی کے معاملہ میں جس حد تک چیلنجس درپیش ہیں وہ نا صرف سرمایہ کے متقاضی ہے بلکہ اختراع بھی درکار ہے کہ ہم کس طرح توانائی پیدا اور صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کیلئے صاف ستھری، قابل بھروسہ اور واجبی ذرائع توانائی تک رسائی کا حصول پالیسی کی بڑی ترجیح ہے جبکہ ہندوستان پراستقلال انداز میں 8تا9 فیصد سالانہ کی شرح ترقی حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ یہ ہمارے تمام عوام کو مساوات، مواقع اور خوشحالی پر مبنی زندگی کی فراہمی کیلئے لازمی ہے۔ ان کا پیام ہندوستانی سفیر برائے امریکہ نروپما راؤ نے دو روزہ کانفرنس کے دوران پڑھ کر سنایا۔ جس کا اہتمام "ٹیری" نے ییل یونیورسٹی کے تعاون سے کیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کانفرنس کیلئے اپنے پیام میں کہاکہ حالیہ برسوں میں ہند۔امریکہ توانائی مذاکرات کے ذریعہ ہمارے باہمی تعاون میں غیر معمولی پیشرفت ہوئی ہے جن کے ذریعہ ہمارے دورے کے توانائی چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کانفرنس میں ڈاکٹر سنگھ کی کابینہ کے دووزراء ایم پلم راؤ اور فاروق عبداﷲ شرکت کررہے ہیں اور اس کانفرنس سے سابق امریکی نائب صدر الگور اور کارگذار وزیر توانائی ڈانیل پوٹیمن نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر عبداﷲ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم یادداشتوں پر دستخط کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ ہندوستان ترقی کی نئی منزل پر ہے اور کہاکہ ہندوستان میں توانائی کی کمی پائی جاتی ہے اور شعبہ قابل تجدید توانائی میں امریکہ کے ساتھ مزید اشتراک پر زور دیا۔

IndiaUS Clean Energy Partnership Mobilises 17 Billion

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں