آندھرا پردیش میں شدید گرمی کی لہر - 524 اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-27

آندھرا پردیش میں شدید گرمی کی لہر - 524 اموات

آندھراپردیش میں جاری شدید گرمی کی لہر اور جھلسادینے والی دھوپ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کم سے کم 250افراد فوت ہوگئے۔ جس کے ساتھ ہی ریاست میں یکم اپریل سے لولگنے کے سبب فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 524 تک پہنچ گئی۔ اس دوران ریاست میں شدید ترین گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمشنر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لکو لگنے کے سبب سب سے زیادہ 95اموات ضلع گنٹور میں ہوئی ہیں۔ جس کے بعد پرکاشم دوسرے مقام پر ہے جہاں تاحال 75افراد فوت ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گوداری میں 60، عادل آباد میں 43، کریم نگر میں 43، ہنمکنڈہ میں 47، کھمم میں 26، ورنگل میں 20، مغربی گوداوری میں 16، نظام آباد میں 16افراد لو لگنے سے فوت ہوئے ہیں۔ غربت کی سطح سے نیچے کی سطح پر زندگی گذارنے والے خاندان اپاتھ بندھو اسکیم کے تحت 50,000 روپئے کی مالی امداد حاصل کرسکتے ہیں جس کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ایف آئی آر کی نقل پیش کرنا ہوگا۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ پرکاشم، گنٹور، کرشنا، مشرقی و مغربی گوداوری اور وشاکھاپٹنم میں گرمی کی لہر اور شدید موسمی حالات برقرار رہنے کا اندیشہ ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع ورنگل اور کریم نگر میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ دیگر ایجنسیوں کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد و سکندر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر جاری رہی۔ عوام نے تعطیل کے باوجود گھروں میں رہنے کو ترجیح دی جس کے نتیجہ میں اکثر سڑکیں سنسان رہیں۔ بالخصوص گذشتہ 4 دن سے گرمی کی لہر میں غیرمعمولی شدت ہوئی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 44 ڈگری سے زائد ہوچکا ہے لیکن گذشتہ 2دن سے اس میں 2ڈگری کی کمی ہوئی ہے۔ اس طرح وجئے واڑہ، باٹلہ، مچھلی پٹنم میں اعظم ترین درجہ حرارت 47ڈگری ریکارڈ کیا گیاتھا۔ رنٹا چنتل گرم ترین مقام رہا جہاں ریاست میں سب سے زیادہ 47.7 ڈگری گرمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ محکمہ صحت کے ذمہ داروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لو سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ 10بجے دن تا 4بجے شام سڑکوں پر گھومنے سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے گرمی کی لہر کو آفات سماوی قرار دینے اور لولگنے سے فوت ہونے والوں کے ورثاء کو خاطر خواہ ایکس گریشیاء دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔

Heat wave toll reaches 524 in Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں