دارجلنگ مغربی بنگال کا اٹوٹ حصہ ہے - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-16

دارجلنگ مغربی بنگال کا اٹوٹ حصہ ہے - ممتا بنرجی

دارجلنگ کو علیحدہ ریاست بنانے کی تحریک چلارہی گورکھا جن مکتی مورچہ کو سخت ترین پیغام دیتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے مورچہ کے سربراہ بمل گورنگ کی موجودگی میں آج کہاکہ دارجلنگ بنگال کا اٹوٹ حصہ ہے اور وہ پورے خطہ میں امن چاہتی ہیں۔ اپنے 4روزہ دورہ کے دوران آج یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں گورکھا جن مکتی مورچہ کے سربراہ بمل گورنگ کی موجودگی میں ممتا بنرجی نے کہاکہ دارجلنگ بنگال کا دل ہے۔ یہاں کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ دارجلنگ میں امن چاہتی ہیں یہاں امن نہ ہونے کی صورت میں یہاں کی اہم ترین محصولات کا ذریعہ سیاحت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ آئیے ہم دارجلنگ میں ترقیات ہونے دیں۔ انہوں نے کہاکہ دارجلنگ کی ترقی پر ہی پوری توجہ ہونی چاہئے اور ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے علاقہ کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ افواہ پھیلانے والے اور خطہ میں بدامنی کا سبب بننے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے تعلقات کو سازش کرکے سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ میدانی اور پہاڑی خطہ کے درمیان وہ ایک پل بنانا چاہتی ہیں تاکہ ہم سب مل کر ایک ساتھ کام کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کا دارجلنگ کے لوگوں سے اور گورکھا جن مکتی مورچہ سے بہت قریبی اور دلی رشتہ ہے۔ آج کے جلسہ سے قبل انہوں نے دن میں گورکھا ٹیری ٹوریل ایڈمنسٹریشن کے افسران سے ملاقات کی تھی اور خطہ کے ترقیاتی منصوبوں پر ان سے تبادلہ خیال کیاتھا۔ گورکھا جن مکتی مورچہ قیادت سے ممتا بنرجی کی ملاقات کو2013ء کے ابتدائی ایام میں آئی تلخی کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے۔ گورکھا جن مکتی مورچہ کاالزام ہے کہ ممتا بنرجی جی ٹی اے کے اختیارات کو کم کررہی ہیں اور اس نے دارجلنگ ، جلپائی گوڑی اور اطراف کے علاقوں پر مشتمل گورکھا لینڈ ریاست بنانے کے اپنے مطالبہ کو ازسر نو دہرایا ہے۔

Darjeeling is Integral part of West Bengal :Mamata

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں