سنجے دت کی آج ٹاڈا عدالت میں خود سپردگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-16

سنجے دت کی آج ٹاڈا عدالت میں خود سپردگی

بالی ووڈ اداکار سنجے دت، ممبئی دھماکے کیس1993ء میں 16مئی کو نامزد عدالت ٹاڈا(ممبئی) میں خودسپردگی اختیارکریں گے۔ عدالت نے آج انہیں اپنی وہ درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی جس میں دت نے کہا تھا کہ عدالت کے بجائے پونے کی یروڈا جیل کے حکام کے سامنے خودسپردگی اختیار کرنے کی اجازت دی جائے۔ دت کے وکیل سبھاش جادھو نے آج صبح خصوصی عدالت کو بتایاکہ ان کا موکل، کل داخل کردہ درخواست واپس لینا چاہتا ہے اور 16مئی کو اس عدالت میں خودسپردگی اختیار کرنا چاہتاہے۔ چنانچہ عدالت نے درخواست سے دستبرداری اختیار کرنے کی اجازت دے دی۔ آئی جی پی (محابس) ونود لوکھنڈے نے بتایاکہ آرتھر روڈ جیل کے حکام نے ممبئی میں کہا ہے کہ انہیں ایک گمنام مکتوب وصول ہوا ہے جس میں سنجے دت کو جان سے مارڈالنے کی دھمکی دی گئی ہے تاہم لوکھنڈے نے اس خط کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا۔ آرتھر روڈ جیل کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ "ہم نے خط کا" قانون نوٹ لیا ہے۔ یہ خط 3روز قبل وصول ہوا۔ ہم سنجے دت کو معقول سکیورٹی فراہم کریں گے۔ فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سنجے دت کو کونسی جیل میں رکھا جائے گا۔ تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اداکار کو ابتداء آرتھر روڈ جیل لے جایا جائے گا اور اس کے بعد پونے کی یرواڈا جیل کو منتقل کیا جائے گا۔

Sanjay Dutt to surrender before special TADA court today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں