بی۔جے۔پی اجلاس - انتخابی حکمت عملی پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-22

بی۔جے۔پی اجلاس - انتخابی حکمت عملی پر غور

اب جب کہ عام انتخابات کیلئے ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے‘ بی جے پی کے اعلیٰ سطحی قائدین نے آج ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی پر غور کیا جس میں حکومت کی ’’ناکامیوں‘‘ اور یوپی اے کے 9سالہ دور اقتدار کے ’’اسکامس‘‘ کو اجاگر کیا جائے گا۔ حکومت کی معیاد کا بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے پہلی بار شرکت کی۔ انہیں پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز مجلس کا 21 مارچ کو رکن منتخب کیا گیا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہفتہ طویل ملک گیر احتجاجی پروگرام کا آئندہ پیر سے آغاز کیا جائے گاجس میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ نریندر مودی کو بی جے پی کی جانب سے وزارت عظمی کا امیدوار ظاہر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سماجی ذرائع ابلاغ کے عظیم تر استعمال پر زور دیا تاکہ عوام تک موثر رسائی خاص طورپر نوجوانوں تک حاصل کی جاسکیں۔ بورڈ کے سکریٹری اننت کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یوپی اے کے 9سالہ دور اقتدار پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ یہ حکومت تمام محاذوں بشمول قیمتوں میں اضافہ‘ داخلی اور خارجی صیانت اور معاشی صورتحال پر ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی 27مئی سے 2دنوں تک جیل بھرو پروگرام چلائے گی۔ اعلیٰ سطحی قائدین نے مدھیہ پردیش‘ چھتیس گڑھ‘ دہلی اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا جو جاریہ سال کے آواخر میں مقرر ہیں۔ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے 19مئی کو بی جے پی کے عہدیداروں نے ذمہ داریوں کی تقسیم کے بعد بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں بی جے پی قومی عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو 7تا9جون مقرر ہے۔ امکان ہے کہ پارٹی قومی عاملہ کے اجلاس میں قراردادیں منظور کرے گی۔ سیاسی قرار داد میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال‘ تحفظ اور سلامتی کو لاحق خطرات پر غور کیا جائے گا۔ معاشی قرارداد میں قیمتوں میں اضافہ اور دیگر مسائل پر اظہار خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ کریں گے اور اس میں اڈوانی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ نریندر مودی نے کہاکہ گذشتہ 9سال کے دوران یوپی اے حکومت کی ناکامیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عوام کو اس سے واقف کروایاجائے گا۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا سشما سوراج اور راجیہ سبھا ارون جیٹلی پریس کانفرنس سے کل خطاب کریں گے اور یوپی اے حکومت کی ناکاموں کو اجاگر کریں گے۔ کل کانگریس زیر قیادت یوپی اے مخلوط حکومت کی نویں سالگرہ ہے۔ امکان ہے کہ بی جے پی یوپی اے کی دوسری معیاد کی حکومت کے رپورٹ کارڈ کے جواب میں اپنا ایک رپورٹ کارڈ بھی جاری کرے گی۔

چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے جنہیں بی جے پی کے ایک گوشہ کی جانب سے آئندہ لوک سبھا چناؤ کیلئے پارٹی کا وزارت عظمی کا امیدوار ظاہر کیا جارہا ہے آج متعدد سرکردہ قائدین بشمول اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی سے ملاقات کی۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں شرکت کیلئے یہاں موجود مودی نے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے سارا دن اعلیٰ سطح کے قائدین کے ساتھ گزارا جن کی حمایت انہیں اس وقت درکار ہوگی جب پارٹی اپنے وزارت عظمی امیدوار کا فیصلہ کرے گی۔ پارلیمانی بورڈ میٹنگ 8اور 9 جون کو مقررہ پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس سے قبل منعقد کی جارہی ہے۔ پارلیمانی بورڈ بی جے پی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جس کے صدر اڈوانی ہیں۔ اس کا اجلاس آج منعقد کیا جارہا ہے تاکہ آئندہ بی جے پی قومی عاملہ اور قومی کونسل کے گوا میں اجلاسوں کی حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔ مودی کو حال ہی میں پارلیمانی بورڈ میں صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ کی جانب سے شامل کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر گجرات کی سینئر پارٹی قائدین سے آج کی ملاقاتوں کی اہمیت ہے کیونکہ مودی بتایا جاتا ہے کہ پارٹی پر دباؤڈال رہے ہیں کہ انہیں عام انتخابات سے قبل بی جے پی کا وزارت عظمی امیدوار قرار دیا جائے۔ پارٹی ذرائع نے کہاکہ مودی نے سرکردہ پارٹی قائدین سے کہاکہ یوپی اے حکومت کی ناکامیوں کا موثر انداز میں فائدہ اٹھائیں اور مختلف ریاستوں میں بی جے پی زیر قیادت حکومتوں کی کامیابیوں اور سابقہ این ڈی اے اقتدار کے کارہائے نمایاں کو اجاگر بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے ذرائع ابلاغ بشمول سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کرنے کی بھی اپیل کی تاکہ پارٹی کے موقف اور تاثرات کو شدت کے ساتھ عوام کے سامنے رکھا جاسکے۔


BJP Meeting - election strategy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں