اقلیتی کمیشن کا احیا - عابد رسول خان صدر نشین مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-17

اقلیتی کمیشن کا احیا - عابد رسول خان صدر نشین مقرر

اقلیتی کمیشن کا جو گذشتہ 4 برسوں بالخصوص 2009کے اسمبلی انتخابات کے بعد سے غیر کارکرد تھا، 2014ء کے عام انتخابات کے پیش نظر آج احیاء کردیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے سینئر قائد عابد رسول خان کو اس کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت نے ڈاکٹر پی نیتا جی سبھاش چندر بوس کو جو گنٹور سے تعلق رکھتے ہیں کمیشن کا نائب صدرنشین مقرر کیا ہے۔ ضلع کڑپہ کے سید مقبول حسین باشا، حیدرآباد کے ڈاکٹر حسن قرۃ العین، ضلع مشرقی گوداوری کی پربھا الزبتھ جوزف، ضلع رنگاریڈی کے سردار سرجیت سنگھ اور حیدرآباد کے گوتم جین کمیشن کے ارکان ہوں گے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں کوئی احکام جاری نہیں کئے ہیں، تاہم امکان ہے کہ ضروری احکام کی جلد ہی اجرائی عمل میں آئے گی۔ اقلیتی کمیشن کا صدرنشین مقرر کرنے حکومت کے فیصلہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عابد رسول خان نے ہائی کمان اور چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی سے اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے ایک بھاری ذمہ داری سونپی ہے۔ عابد رسول خان نے بتایاکہ ان کی پہلی ترجیح اقلیتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ امکنہ، ملازمتوں ، ترقی اور بینک قرض کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کو بھی وہ اولین ترجیح دینا چاہیں گے۔ اس کے علاوہ جھوٹے الزامات اور جھوٹے مقدمات میں پھنسے بے قصور مسلم نوجوانوں کو باہر لانے کی بھی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اس سلسلہ میں تیز گام عدالتوں کے قیام کا پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے 15نکاتی پروگرام پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں گے۔ واضح ہوکہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے ہائی کورٹ کے حالیہ احکام کے پیش نظر مائناریٹی کمیشن کے احیاء کا فیصلہ کیا ہے۔

Abid Rasool Khan to head AP State Minorities Commission

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں