19/اپریل بنارس ایس۔این۔بی
ہندوستان کا مسلمان دہشت گرد نہیں ہے بلکہ دہشت گرد تو وہ طاقتیں ہیں جو ملک کو ہندو اسٹیٹ بنانے کا خواب دکھا رہی ہیں، مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ایسی طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ملک کی سلامتی کیلئے یہ ضروری ہے کہ اصل دہشت گردوں کی گرفتار کرکے بے گناہ شہریوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار آج بنارس میں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام پرو آنچل تاریخ ساز کانفرنس میں ہزاروں فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کیا۔ مولانا سید ارشد مدنی نے ملک کے 25کروڑ مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور نا انصافیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اور مرکز اور ریاستی حکومتوں کو انتباہ دیا کہ ملک کی سلامتی کیلئے یہ بے حد ضروری ہے کہ اصل دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بے گناہ افراد کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتیں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں اور حکومتیں حقیقت سے واقف ہوتے ہوئے بھی بے قصور مسلم نوجوانوں کو مسلسل گرفتار کررہی ہیں، جو ملک کے امن و امان کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ ملک کا مسلمان دہشت گرد نہیں ہے بلکہ دہشت گرد تو وہ طاقتیں ہیں جو ملک کو ہندو اسٹیٹ بنانے کا خواب دکھارہی ہیں۔ اس لئے ایسی طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کانگریس کے جے پور اجلاس میں بھگوا دہشت گردوں کو بے نقاب کیا۔ ان کی اس بات میں صداقت ہے کہ بی جے پی ہو یا آر ایس ایس یہ بھگوا دہشت گردی کے کیمپ چلاتی ہیں کیونکہ خود وزارت داخلہ کے سکریٹری نے اپنے وزیر موصوف کے بیان کی تائید میں بھگوا دہشت گردوں کی ایک پوری فہرست جاری کی لیکن پھر بھی نہ جانے کیوں ملک میں جہاں بھی دہشت گردانہ واردات ہوتی ہے فوراً بے قصور مسلمانوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ حکومتیں خوف سے نہیں بلکہ عدل و انصاف سے چلتی ہیں اور جو حکومت عدل و انصاف سے کام نہیں لیتی وہ مٹ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان 2014ء کے عام انتخابات میں حکومت کے عدل و انصاف کو رائے دہی کا پیمانہ بنائیں گے۔ مولانا مدنی نے اترپردیش کی سماج وادی پارٹی حکومت اور مرکز کی یوپی اے حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ انصاف کریں۔ انہوں نے کہاکہ حالانکہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کی حکومتوں کے ذریعہ مسلمانوں کو کچھ راحت پہنچائی جارہی ہے اور مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن مسلمانوں میں خوف و دہشت کو دور کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند کا مطالبہ ہے کہ بے قصور مسلمانوں کو جلد ازجلد رہا کیا جائے اور ان کی لگاتار گرفتاریوں کو بند کیا جائے۔ purvanchal varanasi jamiatul ulema conference
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں