گیلانی - یسین ملک اور دیگر قائدین نظربند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-20

گیلانی - یسین ملک اور دیگر قائدین نظربند

جموں و کشمیر میں حریت کانفرنس کے صدرنشین سید علی شاہ گیلانی، جے کے ایل ایف کے صدر محمد یٰسین ملک اور دیگر کئی علیحدگی پسند قائدین کو آج احتیاطی طورپر حراست میں لے لیا گیا اور بعض کو گھر پر نظر بند کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی پانے والے محمد افضل گرو کی میت اور محمد مقبول بٹ کی باقیات واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کے نتیجہ میں ان قائدین کوحراست میں لے لیاگیا۔ جے کے ایل ایف اور دیگر علیحدگی پسند قائدین کی قیادت میں میسومہ اور سیول لائنس میں نماز جمعہ کے بعد تمام مساجد سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور گرو و بھٹ کو واپس کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ وہ لال چوک کی سمت بڑھ رہے تھے کہ انہیں بڈ شاہ چوک پر روک دیا گیا۔ ملک اور جاوید احمد میر کی قیادت میں جب جلوسی آگے بڑھنے لگے تو سکیورٹی فورسس حرکت میں آگئی۔ ملک، میر اور دیگر تقریباً ایک درجن قائدین کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دیگر مظاہرین کو منتشر کردیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی اپیل متحدہ مجلس مشاورت نے کی تھی۔ اسی دوران حریت کے کٹر پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو احتیاطی طورپر گھر پر نظر بند کردیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ برقراری امن کیلئے یہ ایک احتیاطی قدم ہے۔ گیلانی گذشتہ ماہ دہلی سے واپسی کے بعد سے نظر بند ہیں۔ آج وہ نماز جمعہ کیلئے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ سے جیسے ہی باہر نکلے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور ان کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی۔

Gilani Yasin Malik and other leaders under house arrest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں