ترنمول کانگریس پنچایت الیکشن سے نہیں ڈرتی - مکل رائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-03

ترنمول کانگریس پنچایت الیکشن سے نہیں ڈرتی - مکل رائے

ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان پنچایت الیکشن کا تنازعہ عدالت تک پہنچ گیا اور اس کی حمایت اور مخالف میں ترنمول کانگریس اور اپوزیشن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے ہیں۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی اور خامیوںکو اجاگر کرنے میں کوئی موقع ضائع نہیں کررہے ہیں۔ آج الیکشن کمیشن کے خلاف ترنمول کانگریس کی جانب سے شہر کے قلب میں واقع دھرم تلہ کے میٹرو چینل پر ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر مکل رائے نے کہاکہ اپوزیشن کے لوگ کہتے ہیں کہ ترنمول کانگریس پنچایت الیکشن سے ڈرتی ہے کیونکہ اسے اس الیکشن میں امید کے مطابق کامیابی نہیں ملے گی اس لئے وہ الیکشن کو کسی نہ کسی بہانے آگے کی طرف ٹال رہی ہے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ترنمول کانگریس پنچایت الیکشن سے نہیں ڈرتی ہے۔ ہم لوگ ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں اور ویسے بھی ہم فروری مہینے میں الیکشن کرانے کیلئے کہا تھا۔ مکل رائے نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سی پی ایم، کانگریس اور بی جے پی سے مل کر انتخاب کی تاریخ کو آگے بڑھانے کی سازش کررہا ہے۔ ترنمول لیڈر نے مزید کہاکہ ریاستی حکومت نے آئین کی حد میں رہ کر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ سی پی ایم کے لوگوں نے ووٹر لسٹ کی تصحیح کے کام میں تاخیر کی ہے نہیں تو پنچایت الیکشن ریاست میں ہونے والے مدھیامک امتحان سے قبل بھی ہوسکتا تھا۔ مسٹر رائے نے اپنی تقریر میں کہا کہ ترنمول کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں کہا تھا اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو الیکشن سردی کے موسم میں ہوا کریں گے۔ ترنمول کانگریس کے دوسرے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سدیپ بندھو پادھیائے نے کہاکہ غلط طریقے سے الیکشن کو پیچھے کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ الیکشن ہونے پر پتہ چل جائے گا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں کس طرح ریاست کی ترقی ہوئی ہے۔

Panchayat poll: Trinamool Congress slams Election Commission, calls it biased - TMC general-secretary Mukul Roy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں