پارلیمنٹ بجٹ اجلاس دوسرے سیشن میں دہلی عصمت ریزی واقعے کی گونج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-23

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس دوسرے سیشن میں دہلی عصمت ریزی واقعے کی گونج

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا حصہ، ایک ماہ طویل تعطیلات کے بعد آج دوبارہ شروع ہوا۔ دہلی میں ایک 5سالہ بچی کی عصمت ریزی کے حالیہ وحشیانہ واقعہ اور کوئلہ بلاک الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں و نیز 2Gاسپکٹرم میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی( جے پی سی) کی مسودہ رپورٹ جیسے مسائل کی گونج آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سنائی دی اور کارروائی میں خلل پڑا۔ لوک سبھا کا اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا جبکہ راجیہ سبھا کا اجلاس آج دوپہر 2بجے تک کئی بار ملتوی کرنا پڑا۔ دوپہر کے بعد ایوان بالا میں جن مسائل پر بحث ہوئی ان میں 5سالہ بچی کی عصمت ریزی اور ایذارسانی مسئلہ شامل تھا۔ (مظلوم لڑکی یہاں ایمس میں زیر علاج ہے اور صحت یاب ہورہی ہے۔ اس بچی کے ساتھ پیش آئے وحشیانہ واقعہ پر احتجاج پھیلتا جارہا ہے۔ ایوان بالا میں بی ایس پی لیڈر مایاوتی نے کہاکہ "ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد اور عصمت ریزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں پارٹی سیاست سے بلند ہونے اور ایسے مظالم کو روکنے عملی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہم نے بجٹ اجلاس کے نصف اول میں ایک سخت قانون منظور کیا لیکن اس قانون میں مزید ترمیم اور اس قانون کو مزید سخت بنانے کی ضرورت ہے۔ ظلم کے ایسے مقدمات کی سماعت کیلئے مدت کا تعین ہونا چاہئے اور ایسے جرائم میں ملوث مجرم کو سزائے موت دی جانی چاہئے۔ بی جے پی رکن مایا سنگھ نے بھی ایسے خاطیوںکو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ریمارکس کا حوالہ دیا جن میں سونیا گاندھی نے ایسے واقعات کو روکنے کیلئے عملی قدم اٹھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ مایا سنگھ نے بتایاکہ ملک میں خواتین، خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ انہوں نے پوچھا "اقتدا پر کون ہے؟ اقدامات کون کرے گا؟ انسداد عصمت ریزی بل کو مزید سخت بنایا جانا چاہئے۔ کم عمر بچیوں کی وحشیانہ عصمت ریزی کے مرتکبین کو سزائے موت فوری دی جانی چاہئے"۔

Stormy start to second phase of Parliament's Budget session

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں