روزگار سے جڑے بغیر اردو کا فروغ ممکن نہیں - مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-23

روزگار سے جڑے بغیر اردو کا فروغ ممکن نہیں - مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد

اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ضروری ہے کہ اسے تعلیم اور روزگار سے جوڑا جائے کیونکہ جب تک اردو کو تعلیم اور روزگار سے نہیں جوڑا جائے گا تب تک اردو کا فروغ ممکن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں "قومی یکجہتی کے فروغ میں اردو ادب کا حصہ" کے عنوان سے منعقد دوروزہ سمینار کا اجرا کرتے ہوئے کیا۔ جتن پرساد نے کہاکہ ان کی وزارت نے اردو کونسل کے ذریعے اردو کو روزگار سے جوڑنے کیلئے کئی اقدام کئے ہیں اور آگے بھی اس سلسلے میں منظم کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ابھی حال ہی میں انہوں نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں کی انتظامیہ کے ساتھ اس ایشو پر سنجیدہ غور و فکر کیا گیا کہ اردو کو تعلیم اور روزگار سے جوڑنے کیلئے کیا اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ اردو کی ترویج و ترقی کیلئے یوپی اے حکومت، وزیراعظم منموہن سنگھ، سونیا گاندھی سب کا زور اس بات پر ہے کہ اردو کو روزگار سے جوڑا جائے اور مواقع فراہم کئے جائیں۔ یہی اس سمینار کا بھی مقصد ہے۔ قومی کونسل برائے فروغ زبان اردو کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی نے تمام مہمانان کا استقبال کرتے ہوئے حکومت اس کی بات کیلئے ستائش کی کہ حکومت اردو کی ترقی اور فروغ کیلئے سنجیدہ ہے اور مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وسیم بریلوی نے کہاکہ اردو کونسل کی جانب سے اردو کی ترقی اور ترویج کیلئے جو بھی تجاویز وزارت انسانی وسائل کو بھیجی جارہی ہیں ان پر مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے اور عمل بھی کیا جارہا ہے۔ کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام الدین نے اردو زبان کو نئی تبدیلیوں اور نئے امکانات سے جوڑنے کیلئے کونسل کے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ اردو کو سائبر اسپیس اور جدید ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تعاون مل رہا ہے۔ قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین وجاہت حبیب اﷲ نے اپنی صدارتی تقریر میں کہاکہ اردو زبان کا مستقبل روشن ہے بشرطیکہ اس زبان کو کسی خاص مذہب سے نہ جوڑا جائے۔ انہوں نے اردو کی ترقی کیلئے اس طرح کے اقدامات کرنے پر اردو کونسل کو مبارکباد پیش کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں