ممبئی دھماکے - اداکار سنجے دت کی درخواست سماعت کے لیے قبول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-17

ممبئی دھماکے - اداکار سنجے دت کی درخواست سماعت کے لیے قبول

سپریم کورٹ نے 1993ء کے ممبئی بم دھماکوں میں خاطی قرار دئیے گئے 3 ضعیف افراد کی رحم کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ 70 سالہ زیب النساء انور قاضی، 76 سالہ اسحاق محمد حجوانی اور 88 سالہ شریف عبدالغفور پارکر عرف دادا بھائی نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے پاس درخواست رحم زیر التواء ہونے کی بنیاد پر قید کی سزا بھگتنے خود سپردگی کیلئے دی گئی مہلت میں اضافہ کی التجا کی تھی۔ چیف جسٹس التمش کبیر کی قیادت میں ایک بنچ نے ان کی درخواستوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ انہیں اس بنیاد پر خودسپردگی کیئلے دی گئی مہلت میں توسیع نہیں دی جاسکتی کہ ان کی رحم کی درخواستیں صدر کے پاس زیر التواء ہیں۔ عدالت عظمی نے 21مارچ کو ٹاڈا عدالت کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوے زیب النساء انور قاضی کی 5 سال قبل کی سزا برقرا ررکھی تھی۔ قاضی کینسر سے متاثر ہیں۔ ٹرائیل کورٹ کی جانب سے حجوانی کو دی گئی 5سال قید کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کیا گیا جبکہ وہ اس کیس میںپہلے ہی پانچ سال جیل میں گذار چکے ہیں۔ پارکر کو ٹاڈا کی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے عدالت عظمی نے برقرار رکھا۔ 88سالہ پارکر پہلے ہی 14سال جیل میں گذار چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے سابق جج اور پریس کونسل آف انڈیا کے صدرنشین مارکنڈے کاٹجو نے تینوں ملزمین کے حق میں صدر سے نمائندگی کی ہے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے خودسپردگی کیلئے مہلت دینے اداکار سنجے دت کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے جس میں اداکار نے استدلال کیا کہ اُسے کئی فلموں میں اپنا رول ادا کرنا ہے بصورت دیگر ان فلموں پر سرمایہ کرنے والے پروڈیوسرس کو بھاری نقصان ہوسکتاہے۔ سپریم کورٹ سنجے دت کی درخواست کی کل سماعت کرے گا۔ اداکار نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ زیر التواء فلموں کی شوٹنگ ختم کرنے کیلئے اُسے کم ازکم 196 ایام درکار ہوں گے چنانچہ اُسے خودسپردگی کیلئے اتنی مہلت دی جائے کہ وہ ان فلموں کی تکمیل کرسکے۔ اس نے یہ بھی استدلال کیا کہ ان 7فلموں پر پروڈیوسرس نے 278 کروڑ روپئے کا سرمایہ لگایا ہے۔

1993 blast case: SC adjourns hearing on Sanjay Dutt petition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں