جنتا دل یونائٹیڈ - امیدوار وزیراعظم کے نام کا اعلان کرنے کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-15

جنتا دل یونائٹیڈ - امیدوار وزیراعظم کے نام کا اعلان کرنے کا مطالبہ

(یو۔این۔آئی)
جنتادل (یونائیٹیڈ) نے 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد وزیراعظم کے عہدہ پر بی جے پی کے ساتھ اپنی لڑائی کو آج منظر عام پر لادیا اور بی جے پی کو اس سال کے اختتام تک اس عہدہ کیلئے امیدوار کا اعلان کرنے کی مہلت دی۔ پارٹی نے ساتھ ہی یہ انتباہ بھی دے دیا کہ امیدوار کا کردار سیکولر ہونا چاہئے ۔ جنتادل (یو) کے دوروزہ قومی عاملہ اجلاس کے اختتام پر ایک سیاسی قرارداد منظور کی گئی جس میں یہ کہنے میں کوئی پس و پیش نہیں کیا گیا کہ پارٹی آئندہ عام انتخابات سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈونی کی قیادت میں لڑنے کی مخالف نہیں ہے ۔ قراداد میں کہا گیا " یہ بات واضح ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیراعظم کے عہدہ کیلئے امیدوار کے نام کا اعلان کرنا این ڈی اے کی روایت ہے اور اس پس منظر میں جنتادل (یو) کا بھی موقف واضح ہے کہ اس عہدہ کیلئے امیدوار کا اعلان انتخابات سے قبل ہی ہو جانا چاہئے "۔ جنتادل (یو) کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے عاملہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے امیدوار کا اعلان اختتام سال تک ہو جانا چاہئے ۔ جنتادل (یو) کے سینئر لیڈر اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدہ کیلئے بڑھاچڑھ کا پیش کرنے کے خلاف بی جے پی کو درپردہ دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ ایسی کوششوں کے منفی نتائج برآمد ہوں گے ۔ اگر پارٹی کی آوازکو نہ سنا گیا تو وہ اپنے طورپر فیصلہ کرلے گی۔ نریندر مودی کے بارے میں اپنے ذہنی تحفظات کا نام لئے بغیر اظہار کرنے میں کوئی تامل نہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "صرف ایسا شخص ہی قوم کا لیڈر بن سکتا ہے جو تمام طبقات کو اپنے ساتھ لے کر چلنے کا اہل ہو۔ ایسے شخص اٹل بہاری واجپائی تھے ۔ اب اگر اس رجحان کو تبدیل کرنے کی کوشش ہوتی ہے تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے ۔ صرف کسی کو نمایاں کر دینے سے ملک نہیں چلتا۔ بعض لوگ ایسا سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے حق میں لہر چلادیں تو عوام انہیں قبول کر لیں گے "۔

(پی۔ٹی۔آئی)
شرد یادو کو آج جنتادل (یو) کا ایک بار پھر متفقہ طورپر قومی صدر منتخب کر لیا گیا۔ وہ پارٹی کے مسلسل تیسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ پارٹی کے ہر فرد کو ساتھ لے کر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے جیساکہ انہیں اتفاق رائے سے صدر منتخب کرتے ہوئے ذمہ داری ڈالی گئی ہے ۔ 65سالہ یادو نے جو این ڈی اے کے کنوینر بھی ہیں اتحاد کو متحد رکھنے کی پرجوش اپیل کی۔ شرد یادو کو تیسری مرتبہ پارٹی صدرمنتخب کرنے پارٹی کے دستور میں ترمیم کی گئی۔ قبل ازیں کسی شخص کو2سے زائد معیاد کیلئے صدر منتخب نہیں کیا جاسکتا تھا۔ بی جے پی نے آج نریندر مودی کو نشانہ بنانے پر اپنی اہم حلیف جنتادل یو پر جوابی وار کرتے ہوئے چیف منسٹر گجرات کے خلاف تمام بے بنیاد ریمارکس کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے یوپی اے حکومت کی بے دخلی کیلئے این ڈی اے کے اصل مقصد سے نہیں ہٹنا چاہئے ۔ پارٹی نے نریندر مودی کی پرزور مدافعت کی اور ان کے خلاف جنتادل یو کے ریمارکس کی مخالفت کی اور کہاکہ اگر این ڈی اے کی حلیف جماعتیں پارٹی کے چیف منسٹر پر اپنی توانائیاں صرف کریں گی تویہ بدبختی ہو گی، انہیں اپنی ترجیحات صحیح کرنا چاہئے ۔ پارٹی ترجمان نرملا سیتا رامن نے کہاکہ ہم نریندر مودی کے خلاف تمام بے بنیاد ریمارکس کو مسترد کرتے ہیں ۔ اس دوران بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ نے این ڈی اے کی اہم حلیف جنتادل (یو) کے تیور دیکھتے ہوئے نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدہ کیلئے پارٹی کا امیدوار بتانے سے گریز کیا تاہم انہوں نے چیف منسٹر گجرات کو "قوم کا مقبول ترین لیڈر" قراردینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔

Name secular nominee by year-end, JD(U) tells BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں