تھانے میونسپل کارپوریشن کی انہدامی کاروائی کے خلاف کامیاب اور پرامن ممبرا بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-13

تھانے میونسپل کارپوریشن کی انہدامی کاروائی کے خلاف کامیاب اور پرامن ممبرا بند

پھاٹا علاقے میں عمارت منہدم ہونے کے سانحہ کے بعد تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کی جانب سے ڈائے گھر، شیل، ممبرا اور کوسہ علاقہ میں غیر قانونی عمارت کے خلاف بڑے پیمانے پر کی جانے والی انہدامی کارروائی اور پانی کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی کے خلاف جمعہ کو کیا جانے والا"ممبرا بند" پوری طرح کامایب رہا۔ اس بند کو چو طرفہ پذیرائی بھی ہوئی کیونکہ یہ انتہائی کامیاب ہونے کے ساتھ ساتھ پرامن بھی رہا۔ البتہ جگہ جگہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا اور پولیس نے احتیاظ 36افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ جنہیں بعد میں رہا کردیا گیا۔ بند کے دوران ممبرا، کوسہ، شیل اور ڈائے گھر علاقوں کی سبھی دکانیں اور علاقے کی لائف لائن کہنے جانے والے رکشا پوری طرح سے بند رہے جس کے سبب معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ رکشا بند ہونے کی وجہہ سے ممبرا ریلوے اسٹیشن سے دور رہنے والے شہریوں کو ملازمت اور کالج وغیرہ جانے کیلئے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری، بچے اور خواتین سامان لئے ہوئے کڑی دھوپ میں پیدل چلتے نظر آئے۔ اس کے علاوہ اسپتال سے ڈسچارج اور دیگر علاقوںسے ممبرا آنے والے شہریوں کو بھی آمدورفت میں شدید پریشانی ہوئی۔ بند کے دوران متعدد میڈیکل اسٹور اور دودھ کی دکانیں بھی بند رہیں۔ بند کے بعد رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے ریاستی حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر 15دنوں میں غیر قانونی عمارتوں کے مکینوں کی باز آبادکاری کی اسکیم نہیں بنائی گئی تو وہ شہریوں کو مورچہ لے کر منترالیہ جائیں گے۔ بند کے دوران ممبرا کوسہ کی اسکولیں بھی بند رہیں اور متعدد اسکولوں میں جہاں جمعہ کو طلبہ کے امتحانات منعقد ہونے والے تھے ان میں جمعہ کا پرچہ ملتوی کرکے پیر کو منعقد کرنے کا اعلان کیاگیا۔ دوسری طرف لکی کمپاونڈ سانحہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے ممبرا اور کوسہ کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی بھی دعائیں کی گئیں۔ جمعہ کو ممبرا بند کے اعلان کے سبب ٹی ایم سی کو پولیس بندوبست نہیں دیا گیا تھا جس کے سبب انہدامی کارروائی نہیں کی جاسکی۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بند کے دوران حالات پر قابو رکھنے کیلئے زائد فورس تعینات کی گئی تھی۔ بند میں بیوپاریوں نے بھی شرکت کی اور ممبرا بازار، امرت نگر میں واقع گلاب پارک مارکیٹ، کوسہ بازار اور گہنوں کی دکانیں وغیرہ مکمل طورپر بند رہیں۔ بند اس قدر کامیاب رہا کہ ممبرا، کوسہ، شیل پھاٹا میں بھی کوئی چائے اور پان کی ٹپری بھی کھلی نظر نہیں آئی۔ اس دوران ممبرا کوسہ کے رکشا بھی سڑک سے ندارد رہے جس کے سبب کئی جگہ شہری رکشا کا انتظار کرتے نظر آئے۔

Mumbra observes bandh over demolition drive

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں