ہندوستان میں بیرونی سرمایہ کاری پر پابندیوں کی تردید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-20

ہندوستان میں بیرونی سرمایہ کاری پر پابندیوں کی تردید

وزیر فینانس چدمبرم نے آج ایسی باتوں کو مسترد کردیا کہ ہندوستان سرمایہ کاری پر تحدیدات عائد کررہا ہے اور کہاکہ ملک کی معیشت کو بتدریج کھولا جارہا ہے۔ "میرے خیال میں اس معاملے میں صحیح انداز سے دیکھنا یہی ہوگا کہ ہم کوئی پابندی نہیں لگارہ ہیں۔ ہم مرحلہ وار انداز میں کشادگی عمل میں لارہے ہیں۔ 1991ء میں ہم کہاں تھے اور آج 2013ء میں ہم کہاں ہیں۔ 22سال کے وقفہ میں ہم نے عملاً ہندوستان کی 90 فیصد معیشت کو کھول دیا ہے"۔ چدمبرم نے ایک انٹرویو میں مقبول چارلی روز شو کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہنوز ایسے شعبے بھی ہیں جو ابھی بند ہیں یا جن میں کچھ تحدیدات ہیں لیکن انہیں بھی کھولا جائے گا۔ تاہم ایسے شعبے جنہیں بڑی حدتک کھول دیا گیا ہے وہ مینو فیکچرنگ، اسٹیل، برقی، سڑکیں، ایرپورٹس، بندرگاہیں ہیں لہذا سرمایہ کاروں کیلئے بڑے پیمانہ پر مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے یہ بیان کیا کہ 1991ء سے فراخدلانہ معاشی پالیسی کے 22سال میں ہندوستان نے اپنی 90فیصد معیشت بیرونی سرمایہ داروں کیلئے کھول دی ہے اور کہاکہ اگر یہ ملک آئندہ 7تا8 سال مسلسل 8فیصد کی شرح پر ترقی کرتا رہے تو بہت بڑی معیشت بن سکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہندوستان میں بچتوں کی شرح بدترین سال میں بھی 30فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ بہترین سال میں یہ شرح جی ڈی پی کا 36فیصد رہی۔ چدمبرم موجودہ طورپر واشنگٹن کے دورہ پر ہیں جہاں وہ انٹرنیشنل مانٹیری فنڈ( آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

India is not imposing restrictions on investments: Chidambaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں