ہند - یورپی یونین - آزادانہ تجارتی معاہدہ کی تکمیل کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-13

ہند - یورپی یونین - آزادانہ تجارتی معاہدہ کی تکمیل کا عہد

ہندوستان اور جرمنی نے آج باہمی تعاون میں توسیع سے اتفاق کیا اور تجارت، باہمی سرمایہ کاری، توانائی، ہائی ٹیک اور دفاع جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مستقبل کی صورت گری کا عہد کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ہی فریقوں نے طویل عرصہ سے انتظار طلب ہند۔یوروپی یونین آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) کو اسی سال نتیجہ تک پہنچانے کا بھی نشانہ مقرر کیا اگرچہ بی جے پی اس "انتہائی متنازعہ" اقدام کیلئے پارلیمانی تنقیح کا مطالبہ کررہی ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے آج ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ وہ وسیع تر، پرامید اور متوازان آزادانہ تجارتی معاہدہ کیلئے یوروپی یونین۔ ہند مذاکرات کی کامیابی سے نتیجہ تک پہنچانے کا مضبوط عزم رکھتے ہیں۔ اس معاہدہ کے نتیجہ میں دونوں ممالک میں روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں امید ہے کہ وہ اس معاہدہ کو 2013 میں ہی قطعیت دے دیں گے۔ یہ مشترکہ بیان ڈاکٹر سنگھ کے سہ روزہ دورہ جرمنی کے اختتام پر جاری کیا گیا جس کے دوران انہوں نے یوروپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی پر 27 رکنی یوروپی بلاک کے ساتھ وسیع تر باہمی سرمایہ کاری و تجارتی معاہدہ کو قطعیت دینے مضبوط سیاسی عزم کے اظہار پر زور دیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک دفاعی اشتراک بڑھانے ٹکنالوجی کے تبادلہ اور ہندوستان میں دفاعی ساز و سامان کی تیاری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کیلئے جرمنی کی برآمدت میں مزید اضافہ سے اعلیٰ ٹکنالوجی کے کاروبار کو فائدہ پہنچے گا۔ جرمنی اور ہندوستان کو دنیا کے دو اہم خطوں میں استحکام اور خوشحالی کی علامات قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے بیچ اسٹراٹیجک ساجھے داری کو مضبوط بنانے کی اپیل کی ۔ ڈاکٹر مرکل نے دیہی غریبی اور صحت کے شعبہ میں ہندوستان کو درپیش چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جرمنی ان چیلنجوں کا سامنا کرنے میں ہندوستان کی مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جرمنی علاقائی و عالمی سلامتی کے مسائل پر نہایت اعلیٰ سطح پر ہندوستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر شیوشنکر مینن کے علاوہ ان کی کابینہ کے 5سینئر رفقائ، وزیر فروغ انسانی وسائل پلم راجو، وزیر خارجہ سلمان خورشید، وزیر تجارت و صنعت آنند شرما، وزیر سائنس و ٹکنالوجی و قابل تجدید توانائی وسائل نے بین حکومتی صلاح مشورہ میں حصہ لیا۔ صلاح مشورہ کے بعد دونوں ملکوں نے دستاویزات مفاہمت پر دستخط کئے۔ خارجہ سکریٹری رنجن متھائی نے اس دورہ کو انتہائی کامیاب بتایا۔ وزیراعظم نے جرمنی کو ہندوستان کی ترقی میں ساجھے داری کی دعوت دی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں نہایت مضبوط ہیں اور ترقی کی زبردست گنجائش موجود ہے۔ دونوں ملکوں نے تعلیم، تحقیق، سویل سکیورٹی اور گرین انرجی کے شعبوں میں 6سمجھوتے طئے کئے۔ دونوں ملکوں کے قائدین نے مشترکہ بیان میں کہاکہ ہندوستان اور جرمنی کا اشتراک عمل دونوں ملکوں کے عوام کے فائدہ کیلئے عمدہ موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر صنعت و تجارت آنند شرما نے بھی سمجھوتہ پر دستخط کی امید ظاہر کی لیکن وزیراعظم نے اس بات کی نشاندہی کی کہ انشورنس کے شعبہ کو کھولنے کا یوروپی یونین کا مطالبہ پارلیمنٹ کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹر مرکل نے کہاکہ ڈاکٹر سنگھ سے آج کی گفتگو کے دوران انہوں نے اس بات کا اہمیت کو اجاگر کیا کہ جرمنی کی موٹر ساز صنعت کے ساتھ مناسب سلوک کیا جائے ۔

India, European Union move closer to free trade pact

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں