حیدرآباد میں طوفانی بارش اور ژالہ باری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

حیدرآباد میں طوفانی بارش اور ژالہ باری

(منصف نیوزبیورو)
دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج شام طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ تیز بارش سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ بعض مقامات پر سڑکوں پر درخت ٹوٹ کر گرنے سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ بعض مقامات پر برقی پول اور تار گرنے سے راہگیروں کیلئے خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ برقی منقطع ہوگئی اور شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ بارش کا سلسلہ شام 7بجے شروع ہوا جو ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ مہاراج گنج میں انڈیکا کار پر درخت گرنے سے کار کو نقصان پہنچا۔ تالاب کٹہ، جاوید نگر میں پڑوسی کی دیوار چھت پر گرنے سے ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ عنبر پیٹ، ونائک نگر میں دیوار گرنے سے ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ اعظم پورہ بلدیہ آفس کے روبرو درخت گرنے سے ٹریفک جام ہوگئی۔ پرانا شہر کے کئی علاقوں میں تقریباً 6گھنٹوں تک برقی منقطع رہی۔ کئی علاقوں سے عوام نے شکایت کی کہ برقی بحال کرنے کیلئے عہدیداروں نے کوئی توجہ نہیں دی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا تھا۔ گذشتہ 3دن کے دوران نظام آباد میں سب سے زیادہ یعنی 27.7 ملی میٹر اور حیدرآباد میں 22.9ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طورپر 1128 اضلاع بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں گذشتہ 3دن کے دوران غیر موسمی بارش ، گرج چمک اور ژالہ باری کے نتیجہ میں شدید جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ کمشنر دیزاسٹر مینجمنٹ ڈاکٹر پی رادھا نے بتایاکہ غیر موسمی بارش سے 6اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ نظام آباد میں5 اور ضلع میدک میں ایک فرد ہلاک ہوا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر 23افراد زخمی، 26 مویشی لاپتہ اور دھان، مکئی و تل وغیرہ کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جو 10,880 ہیکٹرس علاقہ پر محیط تھیں۔ اس ک کے علاوہ 1,087 ہیکٹرس پر آم اور ترکاریوں کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ 350 مکانات کو کلی و جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے۔

(اعتماد نیوز)
جناب محمد ماجد حسین مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے بارش کے دوران ہی مجلس اتحاد المسلمین کے اراکین اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی، محمد معظم خان اور مجلسی کارپوریٹر و بلدی عہدیداروں کے ہمراہ شہر کے کئی علاقہ جات کا ہنگامی دورہ کیا اور راحت و بچاؤ کے کام اپنی راست نگرانی میںجنگی خطوط پر کروائے۔ تقریباً 8 زخمیوں کو پرنسس اسریٰ ہاسپٹل شاہ علی بنڈ میں شریک کروایا گیا اور ایک زخمی کو رینبو ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری کے ہمراہ محمد ماجد حسین مئیر نے زخمیوں کی عیادت کی۔ قبل ازیں مئیر گریٹر حیدرآباد نے رکن اسمبلی بہادر پورہ جناب محمد معظم خان کے ہمراہ کشن باغ، بلال نگر، مکہ کالونی، کالا پتھر، درگاہ دو پہاڑ شاہ، امجد الدولہ باغ و دیگر علاقوں کا بارش کے دوران دورہ کیا اور بارش کے متاثرین کو بروقت راحت پہونچائی۔

Heavy rain lashes Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں