ضیا الحق قتل تحقیقات - سی۔بی۔آئی مقامی پولیس افسران کے تبادلے کی خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

ضیا الحق قتل تحقیقات - سی۔بی۔آئی مقامی پولیس افسران کے تبادلے کی خواہاں

ڈی ایس پی ضیاء الحق کے قتل کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی ٹیم نے حکومت اترپردیش کو ایک اہم مکتوب تحریر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پرتاپ گڑھ کے کنڈا سرکل اسٹیشن سے مقامی افسران کا فوری طورپر تبادلہ کردیاجائے کیونکہ ان کی موجودگی تحقیقات پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (لاء اینڈ آرڈر) ارون کمار نے کہاکہ سی بی آئی کی جانب سے تحریر کردہ ایک مکتوب موصول ہواہے جہاں سی بی آئی نے یہ درخواست کی ہے کہ کنڈا سرکل میں تعینات پولیس اہلکاروں کو وہاں سے فوری طورپر ہٹادیا(تبادلہ) جائے۔ یاد رہے کہ پرتاب گڑھ ڈسٹرکٹ میں کنڈا سرکل چار پولیس اسٹیشنوں ہاتھی گوان، مانک پور، کنڈا اور نواب گنج پر مشتمل ہے۔ اپنے مکتوب میں سی بی آئی نے ایک اہم نکتہ کی جانب نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ مقامی پولیس افسران کی موجودگی سے مقامی افراد اپنے بیانات قلمبند کرواین میں پس و پیش کررہے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ اگر انہوں نے کوئی منفی بیان دے دیا تو مقامی پولیس افسران ان کی جان کے دشمن بن جائیں گے اور اس طرح سے سی بی آئی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات اثر انداز ہوگی۔ چاروں پولیس اسٹیشنوں کے اسٹیشن ہاوس آفیسرس( SHO) کے تبادلہ کے علاوہ سی بی آئی نے پولیس سپرنٹنڈنٹ اشارام یادو کے تبادلہ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ریاستی محکمہ داخلہ کے اہم ذریعہ نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف مسٹر کمار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی یہ اعلان کردیا ہے کہ ضیاء الحق قتل معاملہ کی تحقیقات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جانی چاہئے اور شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعہ ہی خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ لہذا پولیس اہکاروں کا تبادلہ ناگزیر ہوگیاہے۔ پرتاب گڑھ میں ڈی ایس پی ضیاء الحق کو 2مارچ کے روز قتل کردیاگیا جس کے بعد پیدا ہوئی عوامی برہمی کو دیکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی حکومت نے اس معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کردی تھی۔

DSP murder: CBI seeks transfer of cops posted at Kunda

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں