ملک کا معاشی انحطاط عارضی - 8 فیصد شرح ترقی کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

ملک کا معاشی انحطاط عارضی - 8 فیصد شرح ترقی کا امکان

وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج کہاکہ ہندوستانی معیشت کو عارضی انحطاط کا سامنا ہے اور حکومت کی فیصلہ کن اور تیزرفتار کارروائی کے نتیجہ میں شرح ترقی 8فیصد بحال ہوسکتی ہے۔ شرح ترقی کے گذُشتہ 10سال کی اقل ترین سطح پر پہنچ جانے اور 5فیصد ہوجانے کو انہوں نے عالمی معاشی بحران کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر معیشت کی بھرپور صلاحیت سے کارکردگی چاہتے ہیں تو اندرون ملک رکاوٹیں دور کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ شرح ترقی 5فیصد ہوجانا واضح طورپر مایوس کن ہے لیکن یہ مستقل انحطاط نہیں ہے۔ طویل مدتی بنیاد پر ترقی کی قابلیت موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم دوبارہ 8فیصد شرح ترقی حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس کیلئے تیز رفتار اور فیصلہ کن کارروائی حکومت کی جانب سے کرنا ضروری ہوگی۔2012-13 میں ملک کی برآمدات کمزور ہوگئی اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ میں عالمی عناصر کی وجہہ سے اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی معاشی بحران کے سلسلہ میں کچھ نہیں کرسکتے اور عالمی حالات کے معمول پر آنے کا بھی انتظار نہیں کرسکتے۔ ہمیں بھرپور طاقت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اندرون ملک پیدا ہونے والی مشکلات دور کرنا ہوگا۔ یہاں سی آئی آئی کی سالانہ چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہاکہ ملٹی برانڈ ریٹیل شعبہ، شہری ہوابازی اور دیگر شعبوں میں ایف ڈی آئی کو مزید فراخدلانہ بنایاجائے گا۔ حکومت کیلئے یہ شعبہ اہم ہیں۔ دوسرا اہم ترین اشارہ یہ ہے کہ حکومت نے ایف ڈی آئی پالیسی کو جامع بنانے پر غور کرنا شروع کیا ہے تاکہ آنے والے مہینوں میں یہ دیکھا جاسکے کہ اس سمت میں کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔

Economy facing temporary downturn, can grow at 8%: PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں