پران کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-13

پران کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

بالی ووڈ کے پردے پر تقریباً 7 دیہائیوں تک ویلن اور پھر کیریکٹر آرٹسٹ کے کرداروں میں اپنی شاندار اور کثیر جہتی اداکاری سے ناظرین کو محسور کرنے والے معمر اداکار پران کو باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ 93 سالہ پران کو یہ باوقار ایوارڈ ہندوستانی سینما کے 100سال مکمل ہونے پر دیا جارہا ہے۔ تقریباً 7 دہائیوں تک پردہ سیمیں پر راج کرنے والے پران نے ہر کردار میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا اور 1960ء اور 1970 کی دہائی میں ہندی کی کوئی بھی بڑی فلم ان کے بغیر مکمل نہیں سمجھی جاتی تھی۔ پرانی دہلی کے بلی ماران میں 12 فروری 1920 کو ایک خوشحال پنجابی خاندان میں پیدا ہونے والے پران کا پورا نام پران کشن سکند ہے۔ اپنی طویل زندگی میں انہوں نے تقریباً 350 فلموں میں مختلف کردار نبھائے۔ اسٹار ڈسٹ نے 2000ء میں ملینیم ویلن کے ایوارڈ سے سرفراز کیا جب کہ سی این این نے 2010ء میں انہیں 25 سدا بہار ایشیائی اداکاروں میں شامل کیا۔ 1957ء میں انہیں فلم فئیر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے نوازا گیا۔ پران نے 1945-46 کے درمیان لاہور میں 22فلموں میں کام کیا۔ تقسیم کے بعد ویلن کے طورپر 1949ء میں ان کی دو فلمیں ضدی اور بڑی بہن بہت کامیاب ہوئیں۔ 1950-60 کی دہائی میں دلیپ کمار، دیوآنند اور راج کپور کی فلمں میں عام طورپر ویلن کا کردار پران ہی نبھایا کرتے تھے۔ 60ویں دہائی کے آخر میں منوج کمار کی فلم اپکار میں ملنگ چاچا کے کردار کے ساتھ انہوں نے کیریکٹر آرٹسٹ کے رول نبھانے شروع کئے اور اس کے بعد ننہا فرشتہ اور دھرما، وکٹوریہ نمبر 203 جیسی فلموں میں انہوں نے ایک طرح سے مرکز کردار ادا کیا۔ بالی ووڈ کے سب سے اہم اداکاروں میں شمار پران ویلن کے طورپر اتنے مشہور ہوگئے تھے کہ لوگ اپنے بچوں کا نام پران رکھنے سے پرہیز کرنے لگے جبکہ فلمی دنیا میں وہ پران صاحب کے طورپر جانے جاتے تھے۔

Dadasaheb Phalke Award for Pran

1 تبصرہ: