جگن اسکام - وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی بھی ملزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

جگن اسکام - وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی بھی ملزم

(یو این آئی)
سی بی آئی نے جو صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے آج نامپلی میں واقع خصوصی سی بی آئی عدالت میں اس مقدمہ کی پانچویں چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے اس میں ریاستی وزیر داخلہ پی سبیتا اندرا ریڈی کا نام بھی شامل کردیا۔ سبیتا اندرا ریڈی کو اس مقدمہ کی ایک مبینہ ملزمہ قرار دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے چارج شیٹ میں سبیتا اندرا ریڈی کے بشمول 13ملزمین کے خلاف الزامات وضع کئے ہیں۔ دیگر ملزمین میں سابق ریاستی وزیر موپی دیوی وینکٹ رمنا، ریاستی وزیر دھرمنا پرساد، ڈالمیا سمنٹس، ایشور سمنٹس اور دیگر شامل ہیں۔ سی بی آئی نے چارج شیٹ میں 46افراد کے نام بطور گواہ بھی شامل کئے ہیں۔ چارج شیٹ کے ساتھ 53 دستاویزات بھی منسلک ہیں۔ سی بی آئی نے ریاستی وزیر داخلہ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 120(b)، 409 اور 420 کے علاوہ انسداد رشوت ستانی قانون کی دفعات9،12،13 اور 13(1) کے تحت الزامات عائد کئے ہیں۔ چارج شیٹ میں جگن موہن ریڈی کو ملزم نمبر 1 قرار دیا گیا ہے جبکہ ان کے مالیاتی مشیر کو ملزم نمبر 2، ڈالمیا سمنٹس کے منیجنگ ڈائرکٹر پونیت ڈالمیا کو ملزم نمبر 3، سبیتا اندرا ریڈی کو ملزم نمبر 4، محکمہ صنعت کی سابق سکریٹری اور آئی اے ایس عہدیدار وائی سری لکشمی کو ملزم نمبر 5 قرار دیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مختلف کمپنیوں بشمول ڈالمیا سمنٹس کو آزادانہ طورپر اراضیات منظور کی تھیں۔ ان کمپنیوں نے بدلے میں جگن موہن ریڈی کی کمپنیوں میں بھاری سرمایہ کاری کی۔

(پی ٹی آئی)
وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی نے سی بی آئی کی چارج شیٹ میں نام شامل ہونے پر آج رات دیر گئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا لیکن چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اور دیگر وزراء نے انہیں ایساکرنے سے منع کردیا ہے۔ چیف منسٹر اور وزراء نے جلد بازی میں فیصلہ لینے سے سبیتا اندرا ریڈی کو روکا اور انہیں انتظار کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ پہلے چارج شیٹ کی تفصیلات معلوم کرنی چاہئے۔ سبیتا اندرا ریڈی اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہونا چاہتی ہیں تاہم چیف منسٹر ان کا استعفیٰ قبول کرنا نہیں چاہ رہے ہیں۔ اجلاس کے بعد چیف منسٹر کیمپ آفس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر پی سی سی نے بتایاکہ کیس کی تفصیلات معلوم ہونے تک مستعفی نہ ہونے کا وزیر داخلہ کو مشورہ دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ وزراء کے مشورہ پر وزیر داخلہ نے استعفیٰ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

Jagan Assets Case : CBI named Sabita Indra Reddy as accused

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں