پسماندہ علاقوں کے لیے ڈیولپمنٹ فنڈ - وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-03

پسماندہ علاقوں کے لیے ڈیولپمنٹ فنڈ - وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش

اب کسانوں کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی مقدمہ قائم ہوگا۔ لیکن کسانوں کو بھی ریاست کی ترقی میں بھرپور تعاون دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو آج اپنے سرکاری بنگلے پر نوئیڈا سے متعلق ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخبار نویسوں کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ کسان ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور ریاست کی ترقی میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے کہ شہروں کی ترقی میں گاؤں اور کسان کہیں پیچھے نہ چھوٹ جائیں۔ اس لئے کسانوں کے مفاد کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کئے جائیں گے۔ کیونکہ کسانوںکی ترقی کے بغیر ریاست کی ترقی نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کسانوں کی ترقی کیلئے ڈیری کے شعبہ میں کافی کام کیا جارہا ہے۔ اترپردیش میں دودھ پیدا کرنے کے کئی ادارے تھے لیکن انہوں نے اس شعبہ میں قابل ذکر کام نہیں کیا اسی لئے گجرات کی دودھ ڈیری امول کو اترپردیش میں کام کرنے کا موقع دیا جارہا ہے اور جلد ہی امول لکھنؤ سمیت ریاست میں کئی دیگر مرکزقائم کرے گی اور صارفین کو معیاری دودھ دستیاب ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریاست میںمویشی پروری کو فروغ دیا جارہا ہے اس کیلئے حکومت نے 100 گائے اور بھینس پالنے والے شخص کو قرض کی سہولت کا نظام بنایا ہے اور اس طرح کے قرض پر سود نہیں دینا ہوگا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے اپنے سرکاری بنگلے 5 کالی داس مارگ پر نیواوکھلا، گریٹر نوئیڈا اور جمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھاریٹی کے تقریبا3337 کروڑروپئے کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور عوام کو معنون کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے موجودہ حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولیات کی کمی والے علاقوں کی ترقی کیلئے حکومت فائدے میں چل رہی اتھاریٹی سے رقم لے کر ایک انفرسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کی تشکیل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہروں کی توسیع تیزی سے ہورہی ہے لہذا دیہی علاقوں سے شہروں میں آنے والے لوگوں کیلئے بنیادی سہولتوں کو فروغ دیا جانا ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ نوئیڈا ملک کی راجدھانی دہلی سے ملحق شہر ہے، اس لئے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ نوائیڈا میں ہورہی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کا فائدہ پوری ریاست کو ملے گا۔ ریاست کو خوشحال بنانے، زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے اور صنعتیں قائم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Akhilesh announces fund for infrastructure development to Noida and other neglected districts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں