جامعہ ملیہ اسلامیہ مسلم اسکالرس سمینار - عیسائی اسکالر ڈاکٹر ٹرال کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-03

جامعہ ملیہ اسلامیہ مسلم اسکالرس سمینار - عیسائی اسکالر ڈاکٹر ٹرال کا خطاب

ایک ایسے زمانے میں جب پادری فنڈر اور مولانا رحمت آ کیرانوی کے مناظرے زوروں پر تھے۔ سرسید احمد خاں نے عیسائیوں اور مسلمانوں دونوں کو اپنے اپنے مذہبی متون کے مطالعہ کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی مذہبی کتابوں کے مطالعہ کی دعوت دی۔ تبیین الکلام کے نام سے انجیل مقدس کی تفیسر و تشریح سرسید نے اسی مقصد سے کی کہ مسلمان اپنے اندر عیسائیت کی بہتر سمجھ پیدا کرسکیں۔ ان خیالات کااظہار آج یہاں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یاسر عرفات ہال میں معروف عیسائی اسکالر ڈاکٹر کرسچین ڈبلیو ٹرال نے مسلم اسکالرس کی ایک منتخب مجلس سے خطاب میں کیا۔ اس خطبہ کا اہتمام جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ذاکر حسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نے کیا تھا۔ ڈاکٹر ٹرال نے اپنے خطاب میں جامعہ اور یہاں کے دانشوروں خاص طورپر پروفیسر محمد مجیب، پروفیسر ضیاء الحسن فاروقی، ڈاکٹر عابد حسین اور پروفیسر مشیر الحق کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ انیسویں صدی عیسوی کے دوران ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں کا کوئی بھی مطالعہ سرسید کی تفہیم کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ خطبہ کے آغاز میں ذاکر حسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز کے ڈائرکٹر پروفیسر اختر الواسع نے ڈاکٹر کرسچین ڈبلیو ٹرال کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ وہ صرف ایک جرمن نژاد پادری ہی نہیں ہیں بلکہ وہ اسلامک اسٹڈیز کے ایک اہم اسکالر بھی ہیں، سرسید احمد خان کے حوالے سے ان کے تحقیقی اور علمی کام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرسید احمد خاں دور جدید کے پہیل مفکر ہیں جنہوں نے تبیین الکلام کے نام سے انجیل مقدس کی تفسیر لکھ کر مکالمے کی جانب پہلی کوشش کی۔ سرسید کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ انہوں نے یہ کوشش ایک ایسے زمانے میں کی جب لوگ مکالمے کی بجائے مناظرے میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر محمد خالد خاں نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔

Prof. Dr. Christian W. Troll speaks to meeting of Muslim scholars at jamia millia islamia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں