اعجاز مرزا کی ملازمت سے برطرفی کی جانچ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-29

اعجاز مرزا کی ملازمت سے برطرفی کی جانچ کا حکم

وزارت دفاع نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزنش( ڈی آر ڈی او) کے ایک جونئیر سائنسداں اعجاز احمد مرزا کی ملازت سے برطرفی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اعجاز کو پولیس کے ذریعہ گرفتاری کے بعد برطرف کردیا گیاتھا۔ اعجاز کو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیاتھا لیکن پھر ضمانت پر رہا کردیا گیا کیونکہ این آئی اے نے اس کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کی تھی۔ مرکزی وزیر برائے دفاع اے کے انٹونی نے اعجاز کی برطرفی کے معاملے میں محکمہ جاتی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ مرزا نے ڈی آر ڈی او میں گذشتہ سال کے آغاز میں 2 سال کے کنٹراکٹ پر ملازمت اختیار کی تھی جنوری 2012ء میں ملازمت اختیار کرنے کے بعد ستمبر 2012 تک اس کے خلاف ڈی آر ڈی او میں کوئی شکایت نہیں تھی۔ ملازمت سے برطرفی کے خط میں جو کہ 12فروری 2013 کو جاری کیا گیا ڈی آر ڈی او نے کوئی سبب نہیں بتایا ہے۔ مرزا کی ضمانت پر رہائی ہونے کے بعد پریس کونسل آف انڈیا کے چیرمین جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے دوبارہ ملازمت پر رکھا جائے کیونکہ اعجاز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ انہوں نے وزیر دفاع انٹونی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ جگدیش شیٹر کو روانہ کئے جانے والے مکتوب میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے معافی مانگنے اور معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اعجاز مرازکے بارے میں کئے جانے والے مطالبے کی بعد میں این جی اوز اور سماجی کارکن نے بھی حمایت کی تھی۔ پارلیمنٹ میں ایم آئی ایم کے صدر اور ایم پی اسد الدین اویسی نے بھی یہی مطالبہ کیا ۔

probe ordered for dismissal of Aijaz mirza from DRDO

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں