شامی باغیوں کی کامیابی خطرہ - نوری مالکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-01

شامی باغیوں کی کامیابی خطرہ - نوری مالکی

بشارالاسد کے خلاف گذشتہ دو سال سے جاری مسلح شورش کے دوران پہلی بار ایک سخت وارننگ میں عراق کے وزیراعظم نورا لمالکی نے کہا ہے کہ اگر شام میں باغی جنگجوؤں کو کامیابی مل گئی تو جنگ کا دائرہ عراق اور لبنان تک وسیع ہو سکتا ہے ۔ ان کا استدلال یہ تھا کہ موجودہ شامی حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی ایک دوسرے کو ختم کرنے کے متحمل نہیں ۔ ایسے میں اپوزیشن کی جیت ہوتی ہے تو لبنان میں خانہ جنگی ہو گی، اردن تقسیم ہو گا اور عراق میں فرقہ وارانہ لڑائی چھڑجائے گی۔ انہوں نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اس طرح شام میں القاعدہ کی ایک محفوظ پناہ گاہ قائم ہو گئی تو پورے خطے کو عدم استحکام کا سامنا کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ ال عربیہ آن لائن کے مطابق شام سے متعلق مسٹر مالکی کا موقف یہ تھا کہ وہاں غیر ملکی فوجی مداخلت مسئلے کاحل نہیں ہے ۔ انہوں نے بیرونی ممالک پر زوردیا کہ وہ معقولیت سے کام لیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام عالم میں مذا کرات کے ذریعے شامی بحران کے پرامن حل پر اتفاق نہیں ہوتا ہے تو پھر وہ یہی کہیں گے کہ سرنگ کے دھانے پر روشنی نظر نہیں آ رہی ہے ۔ دریں اثنا بیروت سے خبر ملی ہے کہ شامی جنگی طیاروں نے باغیوں پر اس وقت حملے کئے جب وہ حلب میں قائم ایک پولیس اکیڈیمی پر دھاوا بولنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ صدر بشارالاسد کے خلاف برسر پیکار باغیوں اور سکیورٹی فورس کے درمیان مزید جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں ۔ تازہ لڑائی کی یہ خبریں ایسے وقت میں موصول ہورہی ہیں جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ شامی باغیوں کی مدد کیلئے مزید ٹھوس طریقے ڈھونڈ رہا ہے ۔

Noori AlMaliki's statement on Syrian rebels

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں