آندھرا پردیش اسمبلی بجٹ اجلاس میں گورنر خطبہ کے دوران ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-14

آندھرا پردیش اسمبلی بجٹ اجلاس میں گورنر خطبہ کے دوران ہنگامہ

آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج شدید احتجاج اور نعرہ بازی کے ساتھ آغاز ہوا۔ موازانہ اجلاس کے آغاز پر روایتی طورپر منعقد کئے جانے والے ایوان بالا اور ایوان زیریں کے مشترکہ اجلاس میں گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے خطبہ کے دوران اپوزیشن ارکان زبردست خلل پیدا کیا اور ایوان میں کاغذات پھینکتے ہوئے نعرہ بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا۔ احتجاجی ارکان نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ برقی قلت کے باعث پیدا شدہ مسائل اور دیگر عوامی مسائل کی یکسوئی میں حکومت ناکام رہی۔ خطبہ کے دوران ایوان سے واک آوٹ کیا۔ ان ارکان نے گورنر کے خطبہ کو جھوٹ کا پلندہ قراردیا۔ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے تلگو اور انگریزی میں دئیے گئے اپنے خطبہ کو 30منٹ میں مکمل کر لیا۔ گورنر کے خطبہ میں اس مرتبہ سماج کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کا مبسوط تذکرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے صرف سرسری تذکرہ پر اکتفا کیا گیا اور ان کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور سنجیدہ کوششوں کے بارے میں صرف اتنا بتایا گیا کہ ان طبقات کیلئے موازنہ میں اضافہ کیا گیا اور بے زمین غریبوں میں اراضیات کی تقسیم کی اور درج فہرست اقوام و درج فہرست قبائل کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والے مزدوروں کی بابت "سوا والمبانا" کے نفاذ اور مختلف اہل اشخاص وغیرہ کی ترقی حکومت کی کوششوں کی مظہر ہیں ۔ گورنر نے اپنے خطبہ میں حکومت کے ترقیاتی و فلاحی اقدامات کا تفصیل سے تذکرہ کیا اور شعبہ زراعت اور آبپاشی کے فروغ اور توانائی کے شعبہ میں کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت، ریاست کو عالمی نقشہ میں نمایاں مقام دلانے میں کامیاب رہی ہے ۔ عالمی اہمیت کے حامل اہم پروگراموں میں بشمول سی او پی۔ II کا انعقادشامل ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ نظم و نشق میں شفافیت اور جوابدہی کا تصور پیدا کیا جا رہا ہے ۔ بائیں بازو انتہا پسندی میں کمی واقع ہورہی ہے ۔ مسٹر نرسمہن نے کہاکہ ان کی حکومت دہشت گردانہ جرائم کے مرتکبین کے خلاف کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرے گی۔ مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچانے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ دہشت گردی کے شکار افراد کیلئے ہم نے مکمل راحت و باز آبادکاری کے اقدامات کئے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں