گورکھا جن مکتی مورچہ کو ممتا بنرجی کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-14

گورکھا جن مکتی مورچہ کو ممتا بنرجی کا انتباہ

ڈوارس۔ (ایس این بی) وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے اپنے 3دنوں کے شمالی بنگال دورے کے دوران آج بدھ کو جلپائی گوڑی ضلع کے ڈاورس میں ایک ریالی کو خطاب کرتے ہوئے گورکھا جن مکتی مورچہ کا نام لئے بغیر وارننگ دی کہ علیحدگی پسندی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ساتھ ہی مورچہ اور کانگریس کے درمیان بڑھتی نزدیکیوں کے تعلق سے کہاکہ ایک لوک سبھا سیٹ کیلئے اتنا لالچ کیوں ۔ یاد رکھیں ، شمالی بنگال میں پہاڑی اور میدانی علاقوں کے عوام کے درمیان کسی بھی طرح کی خلیج پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام سیاسی پارٹیوں پر لازم ہے کہ وہ دارجلنگ میں امن و امان کی صورتحال بنائے رکھنے میں اپنا حصہ ادا کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ میری حکومت دارجلنگ کی پہاڑیوں میں کسی بھی طرح کی گڑبڑبرداشت نہیں کرے گی اور ہم پہاڑاور میدان دونوں کو ہنستا مسکراتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ مورچہ یا کسی اور کانام لئے بغیر وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں سبھی سے کہہ رہی ہوں کہ وہ ایسی اشتعال انگیزیوں سے دور رہیں جن کے نتیجے میں پہاڑاور میدان کے لوگوں کے درمیان خلیج پیدا ہو۔ میں ان کی قیمت پر پہاڑپر کسی کو بھی آگ سے کھیلنے نہیں دوں گی۔ میں ہر کسی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتی ہوں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں