اترپردیش کے متنازعہ وزیر راجہ بھیا مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-05

اترپردیش کے متنازعہ وزیر راجہ بھیا مستعفیٰ

اترپردیش کے متنازعہ وزیر رگھو راج پرتاب سنگھ عرف راجہ بھیا نے ضلع پرتاب گڑھ میں ایک ڈی ایس پی کی ہلاکت کے پیش نظر آج ریاستی کابینہ سے استعفیٰ دیدیا۔ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ ذرائع نے بتایا کہ راجہ بھیا نے چیف منسٹر اکھلیش سنگھ یادو سے لکھنو میں آج صبح ملاقات کی اور مکتوب استعفیٰ حوالہ کیا۔ گورنر بی ایل جوشی نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ضیاء الحق کو اتوار کی شام ایک ہجوم نے پرتاب گڑھ میں اس وقت حملہ کرتے ہوئے ہلاک کر دیا جب وہ اراضی تنازعہ میں ایک گاؤں کے سرپنچ کو ہلاک کر دئیے جانے کی اطلاع پا کر وہاں پہنچے ۔ مہلوک عہدیدار کی اہلیہ نے حملہ کیلئے راجہ بھیا کو ذمہ دار قراردیا ہے ۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے مہلوک ڈی ایس پی ضیاء الحق کی اہلیہ سے آج شام ملاقات کی اور واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا وعدہ کیا۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں ضلع پرتاب گڑھ کے ایس پی رائے کو معطل کر دیا اور ان کی جگہ دیوریا ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لوراج کمار کو بھیجا گیا ہے ۔ ریاستی چیف سکریٹری (داخلہ) آر ایم شریواستو نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ خاطیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ شریواستو نے کہاکہ گرفتاری کیلئے ملزمین کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ خوراک اور رسد کے وزیر رگھو راج پرتاب سنگھ عرف راجہ بھیا کے گھر پر بھی دھاوا کیا گیا یا نہیں ۔ پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے ڈی ایس پی کی اہلیہ پروین آزاد نے کہا "راجہ بھیا کی ہدایات پر نگر پنچایت چیرمین گلشن یادو، وزیر کے نمائندہ ہری اوم سریواستو، ان کے ڈرائیور روہت سنگھ اور حامی گڈو سنگھ نے پہلے میرے شوہر کو لاٹھیوں اور سلاخوں سے مارا پیٹا اور بعدازاں انہیں گولی ماردی۔ انہوں نے یہ شکایت کنڈا پولیس اسٹیشن میں درج کروائی جہاں ان کے شوہر کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پروین آزاد نے قبل ازیں دھمکی دی تھی کہ اگر چیف منسٹر اکھلیش یادو نے شام 5:00بجے تک ان کے گاؤں جو اسر کا دورہ نہیں کیا توہ خود سوزی کر لیں گی۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے شوہر کی نعش کے ساتھ چیف منسٹر کی رہائش گاہ پہنچنے اور احتجاج کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کامطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک چیف منسٹر نعش کو دیکھ نہ لیں اس وقت تک مہلوک عہدیدار کی تدفین ہونے نہیں دیں گے ۔ پروین آزاد نے ریاستی وزیر اغذیہ و سیول سپلائز کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

DSP's killing: Raja Bhaiya resigns from UP Cabinet, CBI probe to be ordered

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں