وزیراعظم کا دورہ حیدرآباد زبانی ہمدردی کے سوا کچھ نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-25

وزیراعظم کا دورہ حیدرآباد زبانی ہمدردی کے سوا کچھ نہیں

تلگو دیشم ترجمان ایم نرسی ریڈی نے وزیراعظم منموہن سنگھ کے دورہ کو دلسکھ نگر بم دھماکہ کے مہلوکین کے ساتھ کی گئی اظہار تعزیت کو زبانی ہمدردی قرار دیا ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب کبھی بھی کہیں بم دھماکہ ہوتا ہے تو وزیراعلیٰ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم بھی مہلوکین اور زخمیوں کے اہل خاندان کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہیں ۔ اور پھر ایکس گریشیاء کا اعلان کرتے ہیں ۔ اور اس بات کا بھی روایتی تیقن دیتے ہیں کہ خاطیوں کے ساتھ آہنی پنجہ سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سال 2006ء میں ایک مرتبہ اس بات کا عہد کیا تھا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کا نکال پھینکنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ لیکن اس کے برخلاف سال 2007 کے وزرائے اعلیٰ کی ایک کانفرنس میں وزیر اعظم نے ایک دوسرا بیان دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اس بات کا تیقن نہیں دے سکتا کہ ملک میں کہیں بھی دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آئے گا ۔ اس سے اندازہ قائم کیا جاسکتا ہے کہ حکومت دہشت گردی کا کس طرح انسداد کرسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیانات اور ملک بھر کے واقعات پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت دہشت گردی کے انسداد میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوپی اے 25 حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد 25 مقامات پر بم دھماکے ہوئے جس میں 951 افراد ہلاک اور 2522 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ریاست میں 4 بم دھماکوں میں 75 افراد ہلاک اور 229 شدید زخمی ہوگئے ۔

PM visit to hyderabad is just an oral sympathy - Telugu Desam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں