بابری مسجد شہادت - قومی جرم الفاظ پر سپریم کورٹ کا اعتراض - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-08

بابری مسجد شہادت - قومی جرم الفاظ پر سپریم کورٹ کا اعتراض

بابری مسجد انہدام (شہادت) کیس میں سی بی آئی کو اُس کے معروضہ پر کہ سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی اور دیگر افراد نے ایک "قومی جرم" کا ارتکاب کیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ عدالت نے اس تحقیقاتی ایجنسی سے خواہش کی کہ وہ عدالتوں کی جانب سے اس کیس کا تصفیہ ہونے تک ایسی زبان استعمال نہ کرے ۔ جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر صدارت بنچ نے کہاکہ "براہ کرم یہ مت کہئے کہ یہ ایک قومی جرم یا قومی اہمیت کا حامل ہے ۔ ہمیں ابھی اس بارے میں فیصلہ کرنا ہے ۔ جب تک ہم یا تحت کی عدالت اس طریقہ سے یاکسی اور طریقہ سے اس بارے میں فیصلہ نہیں کرتی، آپ ایسے بیانات نہیں دے سکتے "۔ معزز جج نے یہ ریمارکس اس وقت کئے جب سی بی آئی کی طرف پیش ہوتے ہوئے سینئر وکیل پی پی راؤ نے عدالت کو بتایا کہ بی جے پی اور وی ایچ پی قائدین ایک "قومی سازش" میں ملوث ہیں ۔ جس کا اظہار رتھ یاترا میں ہوا تھا اور یہ "قومی جرم" کا ایک کیس ہے ۔ راؤ نے خصوصی عدالت سی بی آئی اور الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی بحث کے دوران مذکورہ معروضہ کیا۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہو گا کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے بی جے پی قائدین اڈوانی، کلیان سنگھ، اوما بھارتی، ونئے کٹیار اور مرلی منوہر جوشی کے خلاف سازش کے الزامات حذف کر دئیے ہیں ۔ بحث کے دوران سپریم کورٹ بنچ نے خصوصی عدالت میں مقدمہ کی سماعت میں تاخیر پر اور دو عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے میں یعنی اپیل دائر کرنے میں تاخیر پر بھی سی بی آئی پر اعتراض کیا۔ بنچ نے کہاکہ "آپ نے کہا ہے کہ یہ قومی اہمیت کا حامل کیس ہے تو پھر کیاآپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ (عدالتی ریکارڈس کے ) ترجمہ میں کئی دن لگ سکتے ہیں اور کیس داخل کرنے میں 3ماہ لگ سکتے ہیں ؟"۔ سی بی آئی نے التجا کی کہ اُس کو اپنے موقف کی وضاحت کے لئے ایک تازہ حلف نامہ داخل کرنے کی اجازت دی جائے لیکن بنچ نے یہ درخواست مسترد کر دی۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہو گا کہ قبل ازیں 6!دسمبر 2012ء کو سپریم کورٹ نے عدالت رائے بریلی سے خواہش کی تھی کہ وہ اڈوانی اور دیگر افراد کے خلاف بابری مسجد انہدام (شہادت) کیس کی عاجلانہ سماعت کرے ۔ سی بی آئی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم نامہ (مورخہ 21!مئی 2012) کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے مذکورہ قائدین کے خلاف الزامات حذف کرنے سے متعلق عدالت سی بی آئی کے فیصلہ کو درست قراردیا تھا۔

SC pulls up CBI for terming Babri Masjid demolition 'national crime'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں