ریلوے بجٹ - ریل سفر مہنگا ہوا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-27

ریلوے بجٹ - ریل سفر مہنگا ہوا

ریل بجٹ میں آج مسافر کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا لیکن ریزرویشن اور دیگر چارجس نیز شرح مال برادری میں 5.8فیصد کا اضافہ کیا گیا تاکہ سالانہ 4,683 کروڑروپئے زائد حاصل کئے جاسکیں ۔ اس طرح بظاہر مسافر کرایوں کو نہیں چھیڑا گیا لیکن ذیلی چارجس میں اضافہ کے باعث ریل سفر مہنگا ہو سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ مال برداری کی شرحوں میں اضافہ کا اثر اجناس، ڈیزل، ایل پی جی وغیرہ کی قیمتوں میں پر پڑسکتا ہے ۔ وزیر ریلوئے پی کے بنسل نے جو گذشتہ 17 برسوں میں ریلوئے بجٹ پیش کرنے والے پہلے کانگریسی وزیر ہیں ، آج لوک سبھا میں شورشرابہ کے بیچ اپنا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ تجاویز پر سخت اعتراض کرتے ہوئے بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے بشمول اپوزیشن جماعتوں نے زبردست نعرہ بازی کی جس کے نتیجہ میں بنسل بجٹ کی پیشکشی مکمل نہکر سکے ۔ بنسل نے مسافرین کے بنیادی کرایوں کو چھونے سے گریز کیا جسے وہ گذشتہ ماہ ہی بڑھا چکے تھے ۔ اپنے پیشرو ترنمول لیڈر دنیش ترویدی کی جانب سے گذشتہ سال اختیار کردہ حرکیاتی ایندھن کے مطابق شرح کے اصول کو اپناتے ہوئے وزیر ریلوے نے مال برداری کی شرح پر 5.8 فیصد کا اضافہ کیا۔ اس کے تحت اناج، دالیں ، کوئلہ، لوہا اور فولاد، کھاد، خام لوہا، ڈیزل، کیروسین اور ایل پی جی کے علاوہ دیگر اشیاء شامل ہوں گی۔ صنعتوں اور سیاسی جماعتوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مال برداری شرح میں اضافہ مزید مہنگائی کا سبب بنے گا۔ مذکورہ اصول کے تحت مال برداری کی شرح ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی کے اعتبار سے سال میں 2 مرتبہ تبدیل ہو گی۔ بنسل نے کہاکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کو حکومت کے کنٹرول سے باہر کر دینے کے پیش نظر ریلوے کے مالیہ کو واجبیت سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے ایندھن کی قیمتوں کا اثر کم کرنے ایسا میکانزم بنایا گیا ہے کہ ریلوے کے اخراجات کا بوجھ کم ہو۔ ریزرویشن فیس اور سوپر فاسٹ ٹرینوں کے ضمنی چارج میں سکنڈر کلاس کیلئے 5روپئے سے اے سی فرسٹ اور ایگزیکٹیو کلاس پر 25روپئے تک کا اضافہ ہو گا۔ تتکال چارجس میں سلیپر کلاس پر 15روپئے اور ایگزیکٹیو کلاس پر 100روپئے کا اضافہ ہو گا۔ ٹکٹ منسوخ کرنے کے اخراجات میں سکنڈ کلاس پر 5روپئے اور ایگزیکٹیو کلاس پر 50روپئے بڑھا دئیے جائیں گے ۔ یہ تبدیلیاں یکم اپیرل سے نافذ العمل ہوں گی۔ بنسل نے مابعد بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مال برداری کی شرح اور مسافرین کے چارجس میں اضافہ پر وہ معذرت خواہ نہیں ہیں ۔ بجٹ میں مسافرین کے تحفظ، صفائی اور دیگر سہولتوں پر خاص توجہ دی گئی ۔ 67نئی اکسپریس اور 26پاسنجر ٹرینوں کا نئے سال سے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ 7نئی لائنوں کی تعمیر اور 10 لائنوں کو دوہرا کرنے کی تجویز بھی بجٹ میں شامل رکھی گئی۔ بنسل نے کئی ایک رعایتیں بھی تجویز کی ہیں جن کے مطابق راجیو گاندھی کھیل رتن اور دھیان چند ایوارڈس پانے والوں کو فرسٹ کلاس اور سکنڈ اے سی اور اولمپک میڈل یافتگان اور دروناچاریہ انعام یافتگان کو راجدھانی اور شتابدی ٹرینوں میں رعایتی پاسس دئیے جائیں گے ۔ بجٹ کی ایک پرکشش تجویز متعدد ٹرینوں میں وائی فائی سہولت کی فراہمی ہے ۔ موبائل کے ذریعہ ٹکٹ نظام کا آغاز ریلوے کے مستقبل کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں معاون ہوں گے ۔

ریل بجٹ: جھلکیاں
٭ 67نئی ایکسپریس ٹرینیں شروع کی جائیں گی۔
٭ 26نئی پاسنجر سرویس کا آغاز
٭ 57ٹرینوں کی مسافت میں اضافہ
٭ سوپر فاسٹ ٹرینوں کیلئے ضمنی چارجس، ریزرویشن فی، کلر کیج چارج، کینسلیشن چارج اور تتکال چارج میں اضافہ
٭ 23گھنٹے انٹرنیٹ ٹکٹنگ
٭ موبائل فونس کے ذریعہ ای ٹکٹنگ، ریزرویشن کے موقف کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع۔
نکسٹ جین، ای ٹکٹنگ سسٹم کا آغاز۔
٭ جہدوجہد آزادی سے متعلق مقامات کے سفر کیلئے آزادی ایکسپریس۔
٭ خاتون مسافرین کی سکیورٹی میں اضافہ کیلئے خاتون آر پی ایف عملہ کی تعیناتی۔
٭ سکندرآباد میں مرکوز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام
٭ ایک لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات۔

Rail Budget 2013

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں